عظمیٰ نیوز سروس
پونچھ//ڈپٹی کمشنر پونچھ یاسین ایم چوہدری نے نارکو کوارڈی نیشن سنٹر (این سی او آر ڈی) کے تحت ضلعی سطح کی کمیٹی کی ایک میٹنگ کی صدارت کی جس میں ضلع میں منشیات کے استعمال سے نمٹنے کیلئے اٹھائے گئے اقدامات کا جائزہ لیاگیا ۔میٹنگ کے دوران، ایس ایس پی پونچھ، ونے کمار نے ضلع میں منشیات کی لعنت سے نمٹنے کے لئے کئے گئے اقدامات کے بارے میں ایک جامع بریفنگ دی ۔انہوں نے ہیروئن اور کوکین سمیت پکڑی گئی منشیات کی مقدار کے بارے میں بھی تفصیل فراہم کی ۔پونچھ میں منشیات کے استعمال کو روکنے اور منشیات سے پاک ماحول پیدا کرنے کے مقصد سے ڈپٹی کمشنر نے کمیٹی کے ممبران کے درمیان قریبی تال میل کی اہمیت پر زور دیا ۔ڈپٹی کمشنر نے اساتذہ اور عام لوگوں میں شعور بیدار کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے اے آر ٹی او (اسسٹنٹ ریجنل ٹرانسپورٹ آفیسر) کو ہدایت کی کہ وہ منشیات کے استعمال کے خلاف ایک خصوصی مہم کا اہتمام کریں جس میں سڑک کے کناروں کو عام لوگوں کو منشیات کے مضر اثرات کے بارے میں آگاہی فراہم کرنے کے لئے استعمال کیا جائے۔آفیسر موصوف نے کہا کہ پنچایت ،سکولوں ،کالجوں و دفاتر میں بھی اس سلسلہ میں مہم چلائی جائے ۔میٹنگ میں سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس، ونے کمار، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر پونچھ، طاہر مصطفی ملک، پی او آئی سی ڈی ایس، خالد حسین وفا، اسسٹنٹ کمشنر ڈیولپمنٹ، عابد حسین شاہ، پرنسپل جی ڈی سی پونچھ، ڈاکٹر جسبیر سنگھ،ایس ڈی ایم مینڈھر ،تحصیلدار حویلی ،تحصیلدار بالاکوٹ ،تحصیلدار سرنکوٹ کیساتھ ساتھ دیگر آفیسران نے بھی شرکت کی ۔