عظمیٰ نیوز سروس
پونچھ//نارکو ٹیرر ماڈیول کے خلاف جاری سخت کارروائی کے تحت پولیس اسٹیشن سرنکوٹ، ضلع پونچھ نے ایک بدنام زمانہ منشیات فروش کی رہائشی جائیداد کو ضبط کر لیا ہے۔ پولیس کے مطابق یہ کارروائی منشیات کے غیر قانونی نیٹ ورک کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کی حالیہ مہم کا اہم حصہ ہے۔پولیس نے بتایا کہ ضبط کی گئی جائیداد سجاد حسین شاہ ولد سرفراز حسین شاہ ساکن پوٹھا، تحصیل سرنکوٹ کی ملکیت ہے، جو عرصہ دراز سے منشیات کی اسمگلنگ اور سپلائی میں ملوث رہا ہے۔ مجاز اتھارٹی کے حکم پر اس کی تقریباً 60 لاکھ روپے مالیت کی رہائشی جائیداد کو اسمگلرز اینڈ فارن ایکسچینج مینی پیولیٹرز ایکٹ (SAFEMA) کے تحت قرق اور منجمد کیا گیا ہے۔حکام کے مطابق ملزم سجاد حسین شاہ ضلع پونچھ میں نارکو سرگرمیوں کا ایک سرگرم رکن رہا ہے اور اس کے خلاف متعدد این ڈی پی ایس مقدمات درج ہیں۔ پولیس نے بتایا کہ وہ اس وقت ضلعی جیل ادھم پور میں پی آئی ٹی این ڈی پی ایس کی کارروائی کے تحت قید ہے۔ اس کی جائیداد کی قرقی منشیات فروشوں کے خلاف جاری ہمہ گیر مہم کا تسلسل ہے تاکہ ایسے عناصر کے مالی ڈھانچے کو کمزور کیا جا سکے۔ضلع پولیس پونچھ نے گزشتہ چند ماہ کے دوران متعدد منشیات فروشوں اور ان کے ساتھیوں کی کروڑوں روپے مالیت کی جائیدادیں ضبط کی ہیں۔ اس کے علاوہ بڑے پیمانے پر مالیاتی لین دین کی جانچ کے دوران مشتبہ اور بے نامی ٹرانزیکشنز سے جڑے کئی بینک کھاتوں کو بھی منجمد کیا گیا ہے تاکہ منشیات کے کاروبار کی مالی معاونت کو مکمل طور پر ختم کیا جا سکے۔پولیس حکام نے کہا کہ نارکو ٹیرر نیٹ ورک کے خاتمے کے لئے قانونی کارروائی کے ساتھ ساتھ مالی ضرب لگانا انتہائی ضروری ہے، کیونکہ اس سے ایسے عناصر کی سرگرمیاں مفلوج ہو جاتی ہیں جو نوجوانوں کو منشیات کی لت میں مبتلا کر کے انہیں تباہی کے راستے پر دھکیل رہے ہیں۔پونچھ پولیس نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ علاقے کو منشیات سے پاک بنانے کے لئے تعاون جاری رکھیں اور منشیات فروشی، خرید و فروخت یا کسی بھی مشکوک سرگرمی کے بارے میں فوری طور پر پولیس کو مطلع کریں۔ پولیس نے یقین دہانی کرائی ہے کہ مخبروں کی شناخت صیغہ راز میں رکھی جائے گی اور ہر معلومات کی بنیاد پر سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔پولیس کا کہنا ہے کہ منشیات کے خلاف جنگ ایک اجتماعی کوشش ہے اور عوامی تعاون کے بغیر اسے کامیابی سے ہمکنار نہیں کیا جا سکتا۔ پونچھ پولیس نے عزم ظاہر کیا کہ منشیات فروش عناصر کو نشان عبرت بنا کر علاقے میں امن و امان اور سماجی تحفظ کو یقینی بنایا جائے گا۔