حسین محتشم
پونچھ//سرحدی ضلع پونچھ میں سرکاری دفاتروں اور رہائش گاہوں کے عرصہ دراز سے بجلی بلوں کی ادائیگی نہ ہونے پرمحکمہ بجلی کے افسران کی ایک ٹیم نے بجلی کنکشن کاٹنے کی مہم چلائی۔محکمہ بجلی کی جانب سے سرکاری کوارٹرز سے بجلی کے کنکشن کاٹنے کی خاص مہم چلائی گئی۔ محکمہ بجلی کے ایگزیکٹو انجینئر کی ہدایت پر تمام سرکاری دفاتر و سرکاری رہائش گاہوں سے جنہوں نے عرصہ دراز سے بجلی استعمال کرنے کے باوجود بجلی کے کرائے ادا نہیں کئے تھے، کے بجلی کنکشن کو کاٹ دیااور انہیں بجلی بِل کے ساتھ سرکاری حکم نامہ بھی سونپے کہ وہ جتنا جلدی ہوسکے بجلی کے بقایا جات ادا کریں تاکہ بجلی کے کنکشن کو بحال کیا جائے بصورت دیگر بجلی کے کنکشن بحال نہیں ہو پائیں گے اور مزید قانونی کاروائیاں عمل میں لاکر بقایا جات کرایوں کو وصولا جائے گا۔ محکمہ بجلی کے فیلڈ انسپکٹر غلام نبی پرّے نے بتایا کہ سرکار کی جانب سے ایمنسٹی اسکیم کو متعارف کروایا گیا تھا تاکہ لوگ اپنے بقایا جات بجلی کرایہ کی ادائیگی بآسانی بارہ قسطوں میں یا پھر یک مْشت ادا کر پائیں لیکن سرکاری دفتروں و سرکاری ملازمین جو سرکاری کوارٹرز میں رہائش پذیر ہیں ۔انہوں نے کرایہ کی ادائیگی کو لیکر کوئی پیشِ رفت نہیں دکھائی جس کو لیکر اعلی افسران کی ہدایت ہم نے بجلی کنکشن کاٹنے کی مہم چلائی ہے اور یہ مسلسل جاری رہے گی جب تک ایک ایک شخص سے بقایا جات کرایہ وصولا نہ جائے۔