عشرت حسین بٹ
پونچھ//اسسٹنٹ ڈرگ کنٹرولر راجوری پونچھ ارچنا مچو نے جمعرات کو ضلع پونچھ کا دورہ کر کے پونچھ اور منڈی میں میڈیکل سٹوروں کا معائنہ کیا۔ اس دوران انہوں نے دوکانوں پرکمپیوٹرائز بلنگ اور قوانین کے تحت تمام تر لوازمات چیک کئے ۔ انہوں نے اس موقعہ پر دوا سازوں کو قوانین کے تحت ادویات کو فروخت کرنے کے حوالے سے سخت ہدایات دیں۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ کی جانب سے دی گئی تمام ہدایات کو بروکار لاکر ادویات کو فروخت کریں ۔انہوں نے میڈیکل سٹوار مالکان سے کہا کہ وہ مریضوں کو باضابطہ طور پر کمپیوٹرائزبل دیں۔موصوف نے کہا کہ محکمہ کی جانب سے لوازمات کو پورا نہ کرنے والے دوا سازوں کے خلاف سخت قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے گی اور قوانین پر عمل نہ کرنے والوں کے لائسنس کو منسوخ بھی کیا جائے گا۔ اس موقہ پر موصوفہ نے پونچھ کے تمام دوا سازوں کے ساتھ ایک اجلاس بھی منعقد کیا جس میں انہوں نے سماج میں پھیل رہی منشیات کو قابو پانے کیلئے انہیں ان کا بہتر کردار نبھانے پر زور دیا۔ موصوفہ نے کہا کہ دوا سازوں کا یہ اولین فرض ہے کہ وہ اپنے کام کے ساتھ ساتھ سماج کے تئیں منشایات جیسی وبا کو ختم کرنے میں نوجوان نسل کی اصلاح کریں تاکہ ایک بہتر سماج کو تعمیر کیا جا سکے ۔انہوں نے کہا کہ دوا سازوں کو چاہیے کہ وہ وقت کی نزاکت کو دیکھ کر اپنے کام کو اپڈیٹ کریں اور عوام کی خدمت میں اپنا وقت صرف کر کے عوام کے تئیںذمہ داری کا ثبوت دیں۔ اس موقعہ پر ان کے ہمراہ پونچھ کے ڈرگ انسپکٹر وکاس شرما بھی موجود تھے۔