عظمیٰ نیوز سروس
پونچھ//فوج نے ضلع پونچھ کے سرحدی گاؤں دبراج کے چوئی محلہ میں مقامی بچوں اور بزرگوں کے لیے آگرہ کے تاریخی مقامات کا خصوصی ای-ٹور منعقد کیا، جس کا مقصد دور دراز سرحدی علاقوں کے مکینوںکو ملک کی عظیم ثقافتی اور تاریخی وراثت سے جدید ڈیجیٹل ذرائع کے ذریعے روشناس کرانا تھا۔اس منفرد پروگرام کے دوران شرکاء کو آگرہ کے مشہور تاریخی اور ثقافتی مقامات کا ورچوئل دورہ کرایا گیا۔ جدید آڈیو ویڑول پریزنٹیشن، تصویری مناظر اور معلوماتی بیانیے کے ذریعے بچوں اور بزرگوں کو ملک کی عظیم تاریخ، شاندار تہذیب، فنِ تعمیر اور قومی ورثے سے متعلق اہم معلومات فراہم کی گئیں۔
شرکاء نے نہ صرف تاریخی عمارتوں کے بارے میں جانا بلکہ ہندوستان کی متنوع ثقافت اور قومی شناخت سے بھی آگاہی حاصل کی۔یہ پروگرام بچوں اور بزرگوں کے لیے ایک منفرد تجربہ ثابت ہوا، کیونکہ ان میں سے بیشتر نے پہلی مرتبہ کسی تاریخی مقام کا ڈیجیٹل یا ورچوئل دورہ کیا۔ اس سرگرمی نے انہیں اپنے ہی گاؤں میں بیٹھ کر ملک کے اہم تاریخی ورثے سے جڑنے اور قومی تاریخ کو قریب سے سمجھنے کا موقع فراہم کیا۔فوج کے مطابق اس اقدام کا مقصد سرحدی علاقوں میں رہنے والے نوجوانوں اور بچوں میں قومی یکجہتی، ثقافتی شعور اور حب الوطنی کے جذبے کو فروغ دینا ہے، تاکہ وہ ملک کی مشترکہ تہذیبی شناخت سے مضبوط رشتہ قائم کر سکیں۔پروگرام کے اختتام پر مقامی باشندوں نے فوج کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اس نوعیت کی تعلیمی اور معلوماتی سرگرمیاں سرحدی علاقوں کے عوام، خصوصاً نئی نسل کے لیے نہایت مفید ثابت ہوتی ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ مستقبل میں بھی ایسے بامقصد پروگراموں کا انعقاد جاری رکھا جائے گا۔