پونچھ میں غرقآب ہوا لڑکا

سمت بھارگو+بختیار کاظمی
راجوری+سرنکوٹ //عید کے روز دریا میں بہہ جانے والے نوجوان کی لاش پاک فوج نے گزشتہ روز پونچھ کی حدمتارکہ سے ضلعی حکام و سیکورٹی فورسز کے حوالے کر دی جس کے بعد مذکورہ نوجوان کی نماز جنازہ آبائی گائوں میں ہزاروں افراد کی موجودگی میں ادا کر دی گئی ۔غور طلب ہے کہ پونچھ کی پلسیٹ ندی میں ڈوبنے والے ایک نوعمر لڑکے کی لاش پیر کو پاکستان کے زیر انتظام کشمیر کے حکام نے گاؤں ٹیٹری نوٹ میں بازیابی کے بعد واپس سونپی دی۔12 سالہ لڑکا 03 مئی کو پلسیٹ ندی میں نہا رہا تھا کہ وہ دریا میں ڈوب گیا جس کے بعد مقامی لوگوں اور پولیس نے علاقے میں وسیع سرچ آپریشن کیا لیکن لاش برآمد نہیں ہو سکی ۔حکام نے بتایا کہ اتوار کی شام یہ بات سامنے آئی کہ پاکستان کے زیر انتظام کشمیر کے ٹیٹری نوٹ گاؤں میں دریا سے نوعمر لڑکے کی لاش ملی ہے۔دریں اثنا، پیر کے روز، حکام نے کہا پاک انتظامیہ نے نوعمر نوجوان کی لاش چکاں دا باغ کراس ایل او سی پوائنٹ سے بھارتی حکام کے حوالے کی۔لاش کو پاکستانی فوج پولیس اور سول انتظامیہ کی ٹیم نے حوالے کیا اور اس طرف پونچھ پولیس، فوج اور سول انتظامیہ کی ٹیم نے لاش وصول کی۔اس موقع پر موجود ایگزیکٹیو مجسٹریٹ نے بتایا کہ پاک فوج کی جانب سے نوجوان لڑکے کی لاش موصول ہوئی ہے اور ضابطے کی کارروائی مکمل کرنے کے بعد قانونی ورثاء کے حوالے کر دی گئی ہے۔ڈپٹی ایس پی ہیڈکوارٹر پونچھ محمد نواز نے بتایا کہ مذکورہ بارہ سالہ لڑکا عید کے دن سے لاپتہ تھا اور اس کی نعش ٹیٹری نوٹ سے ملی اور پاکستانی حکام نے اسے اس طرف کے حوالے کر دیا۔انہوں نے کہا کہ اس معاملے میں مزید قانونی کارروائی جاری ہے۔دوسری جانب دریا میں بہہ جانے والے ضامن شیخ کی نماز جنازہ ان کے آبائی گائوں سیلاں میں ادا کر دی گئی جس میں سینکڑوں افراد نے شرکت کی ۔سرنکوٹ کے علاقہ سیلاں میں دو جگہ پر نماز جنازہ ادا کی گئی جس میں ہزاروں کی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی۔12 سالہ ضامن شیخ جو عید منانے اپنے نانی کے گھر گیا ہوا تھا بد قسمتی سے وہ دیک دریا میں بہہ گیا تھا ۔