پونچھ میں سویپ پروگرام کے تحت ووٹر جانکاری مہم ڈپٹی کمشنر نے طلباء کی بیداری ریلی کو جھنڈی دکھائی

 عظمیٰ نیوز سروس

پونچھ// منظم رائے دہندگان کی تعلیم اور انتخابی شرکت (سویپ) اَقدام کے تحت ایک بیداری پروگرام سرحدی ضلع پونچھ کے صدر مقام پر منعقد کیا گیا۔ ریلی ضلع ترقیاتی کمشنر کے دفتر کے باہر سے برآمد کی گئی جس میں مختلف سکولوں کے طلباء و طالبات کی جانب سے جھانکیاں نکال کر لوگوں کو ووٹ کی اہمیت سے روشناس کرانے کی کوشش کی گئی۔ ریلی کو ضلع ترقیاتی کمشنر یاسین محمد چوہدری نے ہری جھنڈی دکھا کر روانہ کیا جبکہ نوڈل آفیسر ایس وِی اِی اِی پی چیف ایجوکیشن افیسر پونچھ بشامبرداس کے علاوہ اس موقع پر سویپ ٹیم کے تمام عہدے داران اور کارکنان ضلعی انتظامیہ اور پولیس انتظامیہ کے افسران سیاسی و سماج شخصیات موجود رہے۔ ان مشترکہ کوششوں کا مقصد عوام کو ان کے ووٹنگ کے حقوق اور اِنتخابی عمل میں فعال شرکت کی اہمیت کے بارے میں آگاہ کرنا تھا۔اِس دوران مختلف اداروں کی جانب سے جھانکیاں بنائی گئی تھی جن کو بڑی ہی خوبصورتی کے ساتھ سجایا گیا تھا اور طلبہ نے بھی رنگ برنگ ملبوسات پہن رکھے تھے ، جو ووٹر رجسٹریشن ، ووٹنگ کے طریقہ کار اور اَپنے حق رائے دہی کے اِستعمال کی اہمیت کے بارے میں بیداری پیدا کررہے تھے۔ اس دوران ضلعی سطح کے ماسٹر ٹرینربھی موجود رہے۔ یہ ریلی مختلف راستوں سے گزرتے ہوئے سپورٹس سٹیڈیم پونچھ میں اختتام پذیر ہوئی۔ اس دوران عہد بھی کیا گیاکہ اس بات کو یقینی بنایا جائے گا کہ ووٹر بیداری کا پیغام گھر گھر پہنچایا جائے گا۔ یہ پروگرام رائے دہندگان میں بیداری پیدا کرنے میں معنی خیز اثر ڈالنے میں کامیاب رہا۔