جاوید اقبال
پونچھ//ضلع پونچھ میں سیکورٹی فورسز نے پیر کے روز تقریباً درجن بھر مقامات پر محاصرے اور تلاشی کی کارروائی شروع کی۔حکام کے مطابق مینڈھر، سرنکوٹ اور گورسائی کے مختلف علاقوں میں مشتبہ نقل و حرکت کی اطلاع کے بعد ان علاقوں میں سرچ آپریشن شروع کیا گیا۔مقامی پولیس کے اسپیشل آپریشنز گروپ (ایس او جی) اور سی آر پی ایف نے سرنکوٹ کے سیر، سنئی جنگلات، چٹی بھٹی اور فضل آباد جبکہ مینڈھر کے درائی جنگلات اور ملحقہ علاقوں، اور گورسائی کے کنڈی گلہوتہ میں محاصرہ کر کے تلاشی مہم چلائی۔آخری اطلاعات ملنے تک ان علاقوں میں سرچ آپریشن جاری تھا۔ سیکورٹی فورسز ممکنہ خطرات کا جائزہ لے رہی ہیں اور مشتبہ عناصر کی تلاش میں مصروف ہیں۔ مقامی ذرائع کے مطابق، فورسز ان علاقوں میں مکمل تفتیش کر رہی ہیں تاکہ کسی بھی غیر معمولی سرگرمی کو بروقت ناکام بنایا جا سکے۔یہ کارروائی حالیہ دنوں میں علاقے میں سیکورٹی خطرات کے پیش نظر کی جا رہی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ شہریوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لئے سیکورٹی فورسز ہر ممکن اقدام اٹھا رہی ہیں اور علاقے میں امن و امان کی صورت حال کو برقرار رکھنے کے لئے مسلسل مستعد ہیں۔