پونچھ میں دراندازی کی کوشش کے فائر نگ فوجی مضروب، 3مقامی ملی ٹینٹ گرفتار، گھروں کی تلاشیاں

محتشم حسین

پونچھ//فوج نے بدھ کے روز جموں و کشمیر کے پونچھ ضلع میں لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کے ساتھ ساتھ3 ملی ٹینٹوںکی گرفتاری کے ساتھ دراندازی کی کوشش کو ناکام بنا دیا۔ دفاعی ترجمان نے کہا کہ ملی ٹینٹ، جن کے پاس 10 کلو گرام طاقتور دیسی ساختہ دھماکہ خیز آلہ (آئی ای ڈی)بھی تھا، کو سرحدی باڑ کے قریب فائرنگ کے تبادلے کے بعد اس وقت گرفتار کیا گیا جب وہ اس طرف گھسنے کی کوشش کر رہے تھے۔فائرنگ سے ایک فوجی جوان اور ایک ملی ٹینٹ زخمی ہوا۔دفاعی ترجمان لیفٹیننٹ کرنل دیویندر آنند نے ایک بیان میں کہاکہ تقریباً 1.30 بجے مشتبہ حرکات کا سراغ لگانے کے بعد فوج نے گھات لگایا اور انہیں چیلنج کرنے پر فائرنگ کی ۔جوابی فائرنگ کے تبادلے میں ایک ملی ٹینٹ زخمی ہوا۔علاقے کو گھیرے میں لیا گیا اور تلاشی آپریشن شروع کیا گیا۔ترجمان نے کہاکہ خون کے نشانات ملے اور تین ملی ٹینٹوں کو گرفتار کر لیا گیا ، جن کے قبضے سے کچھ اسلحہ، ایک آئی ای ڈی اور منشیات سمیت جنگی سامان برآمد ہوا ہے۔

 

 

 

لیفٹیننٹ کرنل آنند نے کہا کہ اس کے نتیجے میں ہونے والی فائرنگ میں ایک ہندوستانی فوج کا سپاہی زخمی ہوا ۔زخمی ملی ٹینٹ کو پولیس کی تحویل میں سول اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔حکام نے بتایا کہ یہ واقعہ گلپور سیکٹر کے فارورڈ کرمارا گائوں میں اس وقت پیش آیا جب سرحد کی حفاظت پر مامور فوجیوں نے مشتبہ نقل و حرکت دیکھی اور دراندازوں کو للکارا جس کی وجہ سے فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔حکام نے گرفتار ملزمان کی شناخت محمد ریاض (23) ، محمد زبیر (22) اور محمد فاروق (26) کے طور پر کی ہے، جس کی ٹانگ میں گولی لگی ہے۔یہ سبھی نوجوان کرمارا کے رہائشی ہیں۔عہدیداروں نے بتایا کہ ان کے بارے میں خیال کیا جاتا ہے کہ انہیں اسلحہ اور منشیات کی کھیپ سرحد پار سے ملی تھی اور وہ اس طرف اسمگل کرنے کی کوشش کر رہے تھے جب انہیں فوجیوں نے روکا۔گرفتار افراد کے قبضے میں ایک اے کے اسالٹ رائفل، دو پستول، چھ دستی بم، ایک 10 کلوگرام آئی ای ڈی ،جو ایک پریشر ککر کے اندر نصب کی گئی تھی اور 100 کروڑ روپے سے زائد مالیت کی مشتبہ ہیروئن کے 20 پیکٹ شامل ہیں۔حکام نے بتایا کہ بعد میں بم ڈسپوزل سکواڈ کے ماہرین نے آئی ای ڈی کو ناکارہ بنا دیا۔ادھرپونچھ ضلع کے گلپور سیکٹر میں تین مشتبہ ملی ٹینٹوں کی گرفتاری کے بعدسکیورٹی فورسز نے گرفتارشدگان کے رہائشی مکانوں کو محاصرے میں لے کرتلاشیاں لیں۔ پوچھ تا چھ کے بعد سیکورٹی فورسز کو پتہ چلا کہ تینوں گرفتار شدہ ملی ٹینٹ پونچھ کے کرماڑا علاقے کے رہنے والے ہیں، جس کے بعد گرفتار شدگان کے رہائشی مکانوں کی تلاشی شروع کی گئی جبکہ ان کے رشتہ داروں کے گھروں کی بھی تلاشی لی گئی۔ ایس ایس پی پونچھ ونے کمار نے اس آپریشن کو کامیابی سے تعبیر کرتے ہوئے کہا کہ گرفتار شدہ ملی ٹینٹوں سے پوچھ تا چھ جاری ہے جس سے سیکورٹی فورسز کو مزید کامیابی حاصل ہو سکتی ہے۔