عشرت حسین بٹ
پونچھ//سیکورٹی فورسز نے منگل کو ضلع پونچھ کے منگناڑ علاقہ سے حزب المجاہدین سے تعلق رکھنے والے ایک جنگجو ساتھی کو اسلحہ اور گولہ بارود سمیت گرفتار کیا۔ پولیس ذرائع نے بتایا کہ پولیس اور فوج کی 39 راشٹریہ رائفلز کی طرف سے شروع کی گئی مشترکہ کارروائی میں منگناڑ گاؤں سے ایک جنگجو کے ساتھی کو گرفتار کیا گیا جس کی شناخت محمد خلیل لون ولد داؤد لون ساکنہ بانڈی پورہ ضلع کشمیر کے طور پر کی گئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ تلاشی کے دوران اس کے قبضے سے ایک پستول اور موبائل فون (پاکستانی سم کے ساتھ) برآمد ہوا ۔ذرائع کے مطابق گرفتار عسکریت پسندوں کاساتھی حزب تنظیم سے وابستہ ہے اور ممکنہ طور پر دراندازی کے دوران عسکریت پسندوں کی سہولت کاری میں ملوث تھا۔ اس حوالے سے ایک سینئرپولیس افسر نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ یہ کاروائی پونچھ پولیس، ایس او جی اور فوج نے مشترکہ طور پر انجام دی۔پولیس نے بتایا کہ اسے تھانہ پونچھ کے علاقے منگنار سے گرفتار کیا گیا ہے۔پولیس نے سرکاری بیان میں کہا کہاسے ایک باریک بینی سے منصوبہ بندی اور انجام پانے والے آپریشن کے بعد گرفتار کیا گیا۔پولیس نے بتایا کہ ابتدائی تحقیقات سے پتہ چلتا ہے کہ خلیل کا تعلق کالعدم تنظیم حزب المجاہدین سے بطور لاجسٹک فراہم کنندہ اور اوور گراؤنڈ ورکر کے طور تھا۔پولیس نے مزید بتایا کہ اسے اسلحہ اور گولہ بارود کی کھیپ وصول کرنے کے لیے تعینات کیا گیا تھا اور مزید تفتیش جاری ہے۔