سمت بھارگو
راجوری//شمالی کمان کے آرمی کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل پراتیک شرما نے پونچھ کے عملی طور پر حساس علاقوں میں تعینات فوجی جوانوں سے ملاقات کر کے ان کے جذبے، فرض شناسی اور پیشہ ورانہ مہارت کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ مشکل حالات میں بھی جوانوں کی تیاری اور خدمات قابلِ ستائش ہیں۔ آرمی کمانڈر نے پونچھ ضلع کے شاہ سیتار علاقے کا دورہ کیا جہاں انہوں نے آپریشنل تیاریوں، سیکورٹی گرڈ اور موجودہ زمینی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا۔فوج کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ لیفٹیننٹ جنرل پرتیک شرما کو پونچھ اور راجوری کے ہِنٹرلینڈ علاقوں میں جاری بڑے پیمانے پر کاؤنٹر ٹیرر آپریشنز کے بارے میں بریف کیا گیا۔ یہ کارروائیاں ان دہشت گردوں کی تلاش کے لیے جاری ہیں جن کے بارے میں شبہ ہے کہ وہ جنگلاتی اور دور دراز علاقوں میں سرگرم ہیں۔بریفنگ کے دوران آرمی کمانڈر کو سیکورٹی گرڈ کو مزید مضبوط بنانے کے لیے اٹھائے گئے اقدامات، تکنیکی وسائل کے استعمال، اور زمینی سطح پر آپریشنل ضروریات کے بارے میں بھی آگاہ کیا گیا۔ فوجی حکام نے انہیں بتایا کہ مختلف یونٹس اور فورمیشنز مربوط انداز میں آپریشنز کو آگے بڑھا رہی ہیں تاکہ دہشت گرد عناصر کے خاتمے اور امن و استحکام کو یقینی بنایا جا سکے۔لیفٹیننٹ جنرل پرتیک شرما نے مشکل جغرافیائی حالات، سرد موسم اور چیلنجنگ ٹیرین کے باوجود جوانوں کی مستعدی کو سراہتے ہوئے کہا کہ فوجی اہلکار ہر محاذ پر پیشہ ورانہ ذمہ داریوں کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔ انہوں نے جوانوں کے حوصلے اور اعلیٰ مورال کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ قوم ان کی خدمات پر فخر کرتی ہے۔انہوں نے یہ یقین دہانی بھی کرائی کہ بھارتی فوج دہشت گردی کے خلاف اپنی کارروائیاں پورے عزم اور مضبوط حکمتِ عملی کے ساتھ جاری رکھے گی اور عوام کے تعاون سے خطے میں امن اور سیکورٹی مزید مضبوط بنائی جائے گی۔پونچھ اور راجوری میں جاری یہ آپریشنز فوج کی اس مسلسل کوشش کا حصہ ہیں جس کا مقصد دہشت گردوں کے نیٹ ورک کو توڑنا اور سرحدی علاقوں میں امن و امان کی صورتحال کو بہتر بنانا ہے۔