جاوید اقبال
مینڈھر // فوج نے ہفتہ کو پونچھ ضلع میں مینڈھر کے منکوٹ سیکٹر میں لائن آف کنٹرول کے ساتھ3 بارودی سرنگوں کو بر آمد کیا۔حکام نے بتایا کہ فوج کو گشت کے دوران بلنوئی کے علاقے میںتین بارودی سرنگیں (M-16) ملی اور اس نے فوری طور پر بم ڈسپوزل اسکواڈ کو موقع پر طلب کیا۔ انہوں نے مزید کہا”علاقے کو گھیرے میں لیکر محفوظ بنایا گیا اور بارودی سرنگوں کو ناکارہ بنایا گیا۔ادھر راجوری ضلع میں ہفتہ کو دو زنگ آلود گرینیڈ اور نصف درجن پستول کے رائونڈ برآمد کیے گئے۔حکام نے بتایا کہ گولہ بارود درہال علاقے کے چوکیاں گائوں میں ایک ندی کے کنارے جھاڑیوں سے ملا اور بعد میں بم ڈسپوزل اسکواڈ نے اسے وہاں سے ہٹا دیا۔انہوں نے کہا کہ ابتدائی تحقیقات سے پتہ چلا ہے کہ دستی بم اور زندہ گولیاں کافی دیر تک ندی میں پڑی تھیں۔حکام نے بتایا کہ ایک اور واقعے میں، پولیس نے ہفتہ کی صبح جموں کے مضافات میں بین الاقوامی سرحد کے قریب غباروں کے ساتھ ایک پاکستانی جھنڈا ضبط کیا۔حکام نے بتایا کہ جھنڈا ایک دیہاتی کو جموں کے ارنیا سیکٹر کے کول کلاں گائوں میں اس کے کھیت سے ملا تھا۔ انہوں نے کہا کہ شبہ ہے کہ غباروں سے بندھا جھنڈا سرحد پار سے اڑا۔