جاوید اقبال+فیاض بخاری +اشتیاق ملک
مینڈھر+بارہمولہ+ڈوڈہ// ضلع پونچھ کے منکوٹ سیکٹر میں لائن آف کنٹرول کے نزدیک ایک اگنی ویر جوان کی گولی لگنے سے موت واقع ہوئی ہے۔سرکاری ذرائع نے بتایا کہ ایل او سی کے نزدیک ایک فوجی جوان فاروڑ پوسٹ پربحیثیت سنتری تعینات تھا، جہاں 5 بجے صبح گولیوں کی آواز سننے کے بعد ان کو اپنے ساتھیوں نے خون میں لت پت دیکھا۔انہوں نے کہا کہ ابتدائی جانچ سے معلوم ہوا کہ ان کی موت اپنی ہی بندوق سے نکلنے والی گولی لگنے سے واقع ہوئی ہے۔متوفی جوان کی شناخت امرت پال سنگھ ولد گرمیت سنگھ ساکن پنجاب کے بطور ہوئی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ تحقیقات کا معاملہ ہے کہ آیا فوجی کی موت حادثاتی طور نکلنے والی گولی سے واقع ہوئی ہے یا خود کشی کا معاملہ ہے۔ یہ اگنی ویر تھا ۔ادھرپولیس نے بارہمولہ میںملی ٹینٹ ساتھی کو گرفتار کر لیا۔10 اکتوبرکو، بارہمولہ کے عشکارہ علاقے میںملی ٹینٹوں کی نقل و حرکت سے متعلق ایک مخصوص ان پٹ پر کارروائی کرتے ہوئے، بارہمولہ پولیس، 46 آر آر، ملٹری انٹلی جنس اور 53بٹالین سی آر پی ایف نے مذکورہ علاقے میں مشترکہ طور پر ایک مشترکہ چوکی قائم کی تھی۔ چیکنگ کے دوران ایک مشکوک شخص نے فرار ہونے کی کوشش کی تاہم پارٹی نے اسے بڑی تدبیر سے پکڑ لیا۔ اس کے قبضے سے 2 دستی بم، 40 ہزار روپے کی نقدی اور دیگر مجرمانہ مواد برآمد ہوا۔ اس کی شناخت مدثر احمد بٹ ولد عبدالحمید بٹ ساکن عشکارہ بارہمولہ کے طور پر کی گئی ہے جس کا تعلق کالعدم دہشت گرد تنظیم ایل ای ٹی/ٹی آر ایف سے ہے۔ادھرسیکورٹی فورسز نے بدھ کے روز جموں و کشمیر کے ڈوڈہ ضلع میں ایک خفیہ ٹھکانے کا پتہ لگایا اور ہتھیار اور گولہ بارود برآمد کیا۔ انہوں نے بتایا کہ سیوج دھر بھدرواہ علاقے میں 44 راشٹریہ رائفلز کی طرف سے تلاشی مہم چلائی گئی جس کے دوران یہ بازیابی کی گئی۔انہوں نے بتایا کہ برآمدگیوں میں تین پستول، نو میگزین اور 69 رانڈ شامل ہیں۔