عشر ت بٹ
پونچھ // فوج نے جموں و کشمیر کے پونچھ ضلع میں اتوار کی صبح لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کے ساتھ دراندازی کی ایک بڑی کوشش کو ناکام بناتے ہوئے ایک پاکستانی درانداز ہلاک اور 2کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا۔انکی تحویل سے بھاری مقدار میں ہیروئن اور نقدی کو ضبط کیا گیا۔ دفاعی ترجمان لیفٹیننٹ کرنل دیویندر آنند کے ذریعے جاری کردہ بیان میں کہا گیا کہ شاہ پور سیکٹر کے بٹالیاں علاقے میں ہفتہ اور اتوار کی درمیانی رات تقریباً 10بجکر15 منٹ پر پونچھ سیکٹر میں فوج کے چوکس دستوں نے لائن آف کنٹرول کے قریب تین افراد کے گروپ کی نقل و حرکت دیکھی۔ترجمان نے بتایا کہ آدھی رات کے قریب گروپ نے لائن آف کنٹرول کو عبور کیا اور اپنی طرف سے دراندازی شروع کر دی۔ترجمان نے بتایا کہ الرٹ فوجیوں نے دراندازی کرنے والے گروپ کی نقل و حرکت کو مسلسل نگرانی میں رکھا اور صبح 2 بجے کے قریب جب یہ گروپ باڑ کے قریب پہنچا تو باڑ پر تعینات چوکس ہندوستانی فوجی دستوں نے دراندازوں کو للکارا۔اپنے بیان میں بھارتی فوج کا مزید کہنا تھا کہ دراندازوں نے بھاگنا شروع کر دیا جو فائرنگ میں مصروف تھے جس میں ایک درانداز کو گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا جبکہ باقی دو گھنے جنگل میں بھاگنے میں کامیاب ہو گئے۔”لائن آف کنٹرول کے پار ان کے فرار کو روکنے کے لیے علاقے کو فوری طور پر گھیرے میں لے لیا گیا” ۔بھارتی فوج کے بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ سرچ آپریشن پہلی روشنی میں شروع کیا گیا تھا جس میں تصادم کے مقام پر ایک دراندازی کی لاش برآمد کی گئی تھی اور جنگل میں تلاشی کا عمل جاری تھا تو ایک دراندازی کو زخمی حالت میں زندہ پکڑ لیا گیا تھا۔بعد ازاں تلاشی کے دوران تیسرے درانداز کو بھی زندہ پکڑ لیا گیا۔ فوج نے مزید بتایا کہ سرچ آپریشن میں اب تک تین تھیلے جن میں منشیات کے چودہ پیکٹ ہیں جن کا وزن تقریباً 17کلو گرام ہے، پاکستانی کرنسی، کچھ دستاویزات اور کھانے پینے کی اشیاء برآمد ہوئی ہیں۔ابتدائی پوچھ گچھ کے دوران زندہ پکڑے گئے دو دراندازوں نے دعویٰ کیا ہے کہ وہ تینوں پاکستانی مقبوضہ جموں و کشمیر (POJK) کے رہنے والے ہیں اور ان کا تعلق گاؤں چنجل کے میدان محلہ سے ہے۔ ترجمان نے کہا کہ فوج نے فوری کارروائی سے، چوکس ہندوستانی فوج کے دستوں نے اس طرح ایک نارکو دہشت گرد گروپ کی دراندازی کی ایک بڑی کوشش کو روک دیا جو اپنے مذموم عزائم کے ذریعے پونچھ اور راجوری اضلاع میں امن کو خراب کرنے کی صلاحیت رکھتا تھا۔ بھارتی فوج لائن آف کنٹرول پر بدستور چوکس ہے اور مستقبل میں بھی ایسی کسی بھی کوشش کو ناکام بنانے کے لیے پوری طرح تیار ہے۔