پونچھ// پونچھ قصبہ میں گلیاں اور سڑکیں آہستہ آہستہ نا قابل استعمال ہو تی جارہی ہیں جس کی وجہ سے عام راہگیروں و تاجروں کی مشکلات میں بھی اضافہ ہو گیا ہے ۔ضلع عدالت پونچھ سے ڈگری کالج سے بس اڈہ کو جانے والی گلی کی خستہ حالی کے باعث مقامی آبادی پریشان ہیں۔ضلع عدالت ، گورنمنٹ ڈگری کالج پونچھ اور پونچھ کے صدر بازار جانے والے لوگوں کو کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے جبکہ محکمہ میونسپل کونسل سڑک کی مرمت کیلئے کوئی بھی خاطر خواہ اقدامات نہیں اٹھا رہا ہے۔ مقامی لوگوں نے بتایا کہ گورنمنٹ ڈگری کالج کے پیچھے سے ضلع عدالت، بس اڈہ اور پونچھ کے صدر بازار کو جوڑنے والی یہ گلی بہت اہم ہے اکثرلوگ اس گلی سے گزرنا پسند کرتے ہیںجبکہ اس کی حالت انتہائی خستہ ہو چکی ہے۔انھوں نے کہا کہ اس کے نتیجے میں لوگوں کا سڑک سے پید ل چلنا محال ہے کیونکہ سڑک پر بڑے بڑے گڑھے ہو گئے ہیں جس کی وجہ سے کئی مقامات پر نکاس آب کی نالیاں بھی ٹو ٹ پھوٹ کا شکار ہوگئی ہیں معمولی بارش ہونے کے ساتھ ہی سڑک سڑک پر پانی اور کچرا بہنے لگتا ہے۔ مقامی لوگوں نے بتایا کہ سڑک کی حالت خستہ ہے جس کے باعث ان کو کئی طرح کی مشکلات کا سامنا ہے اور اس سڑک کی مرمت کیلئے محکمہ میونسپل کونسل سے کئی بار کہا گیا کہ سڑک کی مرمت عمل میںلائی جائے تاہم انہوںنے آج تک اس کی طرف کوئی دھیان نہیں دیا۔ اس ضمن میں جب متعلقہ وارڈ کے کونسلر سے بات کی گئی تو انھوں نے بتایا کہ گلی کی مرمت کیلئے اقدامات اٹھائے گئے ہیں جلد ہیکام شروع کیا جائے گا۔