مینڈھر// پونچھ کے بالاکوٹ،منکوٹ اور مینڈھر سیکٹروں میں ہندو پاک افواج کے درمیان آر پار شدید فائرنگ اور گولہ باری کا تبادلہ ہوا ہے جس کے نتیجہ میں دو پاکستانی فوجی اور ایک شہری ہلاک اور2شہری زخمی جبکہ دو بھارتی فوجی اور ایک شہری بھی مضروب ہوئے۔ادھر پاکستان کا کہنا ہے کہ بھارتی فوج کی فائرنگ سے اسکے 2فوجی جوان اور ایک شہری جاں بحق ہوگئے۔ جمعرات کی صبح8بجکر50منٹ پرپاکستانی فوج نے بالاکوٹ ،منکوٹ اور مینڈھر سیکٹر کے مختلف علاقوں میں قائم بھارتی فوج کی کئی چوکیوں کو نشانہ بنایا جس دوران متعدد مارٹر گولے رہائشی آبادی والے علاقوں میں گرے جبکہ فائرنگ اور گولہ باری کا سلسلہ3گھنٹوں تک جاری رہا ۔اس دوران کئی رہائشی علاقوں کو بھی نشانہ بنایا گیا۔ پاکستانی فوج نے چھوٹے اور درمیانہ درجہ کے ہتھیاروں سے بلا اشتعال فائرنگ اور گولہ باری کی جس کے رد عمل میں بھارتی فوج نے بھی بھرپور جواب دیا اس دوران منکوٹ سیکٹر میں پانچ مہار رجمنٹ کے دو اہلکار ایک مارٹر شیل کی زد میں آ کر زخمی ہوئے جن کی شناخت نائب صوبیدار ترسیم سنگھ اور سندیپ رائے کے طور پر ہوئی ہے جن کو ادھمپور فوجی ہسپتال منتقل کیا گیا ۔ادھر نوشہرہ سیکٹر میں دس کلو میٹر اندر پاکستانی گولہ گرا جس کے دوران سریش نامی ایک شہری مضروب ہوا۔ اس دوران مینڈھر سیکٹر کے گوہلد علاقہ میں مقبول حسین ،محمد صغیر ولد چوہدری سائیں کے دو مکان مارٹر شیل لگنے سے تباہ ہو گئے ۔ادھر پاکستانی فوج نے اپنے ایک بیان میں بھارت پر بلا اشتعال گولی باری کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ بدھ کی شام پاکستانی زیر انتظام کشمیر کے بھمبر علاقے میں شلنگ کی زد میں آکر دو پاکستانی فوجی ہلاک ہوگئے۔ جنکی شناخت32 سالہ منیر چوہان ساکن کہوٹہ اور 28 سالہ عامر حسین ساکن بھمبر کے طور پر کی گئی ہے۔ پاکستانی فوج کے ترجمان نے کہا کہ جمعرات کے روز بھی ضلع کوٹلی میں بھارتی شلنگ سے بزرگ شہری ہلاک ہوگیا۔انہوں نے کہا کہ شلنگ کا آغاز صبح ساڑھے 7 بجے ہوا اور بھارتی فوج نے شہری آبادی پر متعدد مارٹر گولے فائرکئے۔انہوں نے کہا کہ ’شلنگ کے دوران تقریباً ساڑھے 10 بجے ایک مارٹر گولے کے ریزے ڈھیری گاؤں کے 70 سالہ نذیر حسین مغل کو لگے، جس سے وہ موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے۔ان کا کہنا تھا کہ ’بھارتی فورسز کی جانب سے ٹارگٹڈ شلنگ کے باعث غیر محفوظ اسکولوں میں ہونے والے امتحانات منسوخ کر دیئے گئے۔‘بدھ کی رات ہی بھارتی شلنگ سے بَرنالا تحصیل کے گاؤں مالی میں 2 افراد زخمی ہوئے۔زخمی ہونے والوں کی شناخت 40 سالہ محمد حنیف اور 40 سالہ محمد حسین کے ناموں سے کی گئی۔ضلع پونچھ کے بَٹل سیکٹر میں بھی شلنگ کی گئی تاہم خوش قسمتی سے چند مویشیوں کی ہلاکتوں کے علاوہ کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔‘