پونچھ +مینڈھر//پونچھ اور بالا کوٹ سیکٹروں میں اتوار کو ہند پاک افواج کے درمیان شدید گولہ باری کا تبادلہ جاری رہا۔ واضح رہے کہ کیری سیکٹر راجوری میں پاکستانی فوج کی جانب سے سنیچر بعد دوپہر شدید فائرنگ سے میجر سمیت 4اہلکار ہلاک ہوئے تھے۔اتوار کی دوپہر 1 بجکر10 منٹ پر پونچھ کے شاہپور سیکٹر میں پاکستان کی طرف سے گولہ باری کی گئی جس میں چھوٹے اور بڑے ہتھیاروں سے پاکستانی فوج نے پونچھ کے شاہ پور سیکٹر کے آبادی والے علاقے کو نشانہ بنایا ۔بھارتی فوج نے بھی جواب دیا اس دوران کوئی بھی جانی یا مالی نقصان نہیں ہوا۔دریں اثناء مینڈھر کے بالاکوٹ سیکٹر میں بھی شام سے دونوں ممالک کی افواج کے درمیان فائرنگ اور گولہ باری سلسلہ شروع ہوگیا۔ شام سات بجے سے بالاکوٹ سیکٹر میں فائرنگ اور گولہ باری کاسلسلہ شروع ہواجس دوران دونوں ممالک کی افواج نے ایک دوسرے کی چوکیوں کو نشانہ بنایا۔ آخری اطلاعات ملنے تک فائرنگ اور گولہ باری جاری تھی تاہم اس دوران کسی طرح کا کوئی جانی نقصان نہیںہوا۔اس دوران وزارت دفاع کا کہنا ہے کہ778 کلومیٹر لمبی حدمتارکہ اور198کلومیٹرطویل بین الاقوامی سرحد کے 120کلومیٹرپر اس سال پاکستان نے 780 نے باربھارتی چوکیوں کو نشانہ بنایا۔پاکستانی افواج کی اس فائرنگ سے 30لوگ، جن میں 14فوجی،12شہری اور4بی ایس ایف اہلکار شامل ہیں، ہلاک ہوگئے ہیں۔یہ حالیہ برسوں کے دوران جنگ بندی خلاف ورزیوں اور ہلاکتوں کی سب سے زیادہ تعداد ہے۔رپورٹ کے مطابق سال 2016میںفائر بندی کے 449واقعات رونما ہوئے جن کے دوران 13شہری اور 13اہلکار ہلاک جبکہ 83شہری اور 99اہلکار زخمی ہوئے۔سال2014 میں 583بار فائر بندی کی خلاف ورزی ہوئی۔جن کے دوران14شہری اور 3اہلکار ہلاک جبکہ101شہری اور28اہلکار زخمی ہوئے۔