یواین آئی
وارسا// نیٹو رکن ممالک کی مسلح افواج نے کہا ہے کہ روس کے پولینڈ کی سرحد کے قریب مغربی یوکرین کو نشانہ بناتے ہوئے ہوائی حملوں کے بعد کیے پولش اور اتحادی لڑاکا طیارے پولش فضائی حدود کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے تعینات کیے گئے ہیں۔آپریشنل کمانڈ نے بدھ کی صبح ایکس پر کہا کہ “فوری ردعمل دینے والے لڑاکا طیارے اور ایک قبل از وقت انتباہ طیارہ حرکت میں لائے گئے ہیں، اور زمینی بنیادوں پر مبنی فضائی دفاع اور ریڈار نگرانی کے نظام کو فعال کر دیا گیا ہے۔”کل شب یوکرین کے تقریباً تمام علاقوں میں فضائی حملے کے الرٹس جاری تھے، جنہیں یوکرینی فضائیہ کی جانب سے روسی میزائل اور ڈرون حملوں کی وارننگ کے بعد جاری کیا گیا۔پولش ایئر نیویگیشن سروسز ایجنسی نے اطلاع دی ہے کہ ملک کے جنوب مشرق میں ریشوو اور لوبلِن ہوائی اڈوں کو عارضی طور پر بند کر دیا گیا ہے۔ایجنسی کے مطابق “فوجی فضائیہ کے آپریشنز کو باآسانی یقینی بنانے کی ضرورت کے باعث، ان ہوائی اڈوں پر سول آمدو رفت عبوری طور پر روک دی گئی ہے۔ادھر یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی نے کہا ہے کہ رات بھر روسی حملوں میں 9 افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہوئے ہیں۔اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ روس کے حملوں سے توانائی اور ٹرانسپورٹ کے بنیادی ڈھانچے کو نقصان پہنچا ہے، شہریوں پر حملے ظاہر کرتے ہیں کہ روس پر عالمی ممالک کا دباؤ ناکافی ہے۔ ولادیمیر زیلنسکی نے کہا کہ روس نے حملے میں 470 سے زائد ڈرونز اور 48 میزائلوں کا استعمال کیا۔یوکرین کے صدر نے اپنے اتحادیوں سے فضائی دفاعی میزائلوں کی امداد کا مطالبہ کیا ہے۔ دوسری جانب مقامی پولیس کا کہنا ہے کہ رات کے وقت ہونے والے حملے میں کم از کم 36 افراد زخمی ہوئے ہیں۔روسی حملوں میں رہائشی عمارتوں کے علاوہ ایک اسکول، ایک سپر مارکیٹ اور ایک ایمبولینس سب اسٹیشن کو بھی نقصان پہنچا ہے۔