یو این آئی
سری نگر//جموں وکشمیر پولیس نے جوہامہ بارہ مولہ میں منگل کے روز ایک ہابرڈ جنگجو کو اسلحہ وگولہ بارود سمیت حراست میں لینے کا دعویٰ کیا ہے۔
پولیس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ منگل کے روز 52 آرآر، اور پولیس نے مشترکہ طورپر جوہامہ کراسنگ کے نزدیک ناکہ لگایا ۔
انہوں نے بتایا کہ ناکہ پارٹی کو دیکھ کر ایک مشتبہ شخص نے راہ فرار اختیار کرنے کی کوشش کی تاہم سیکورٹی فورسز نے نوجوان کا پیچھا کیا اور بعد میں اُس کی گرفتاری عمل میں لائی گئی۔
اُن کے مطابق گرفتار نوجوان نے اپنی شناخت شاہد احمد پرے ولد غلام احمد ساکن کاٹھ پورہ حاجن کے بطور کی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ گرفتار نوجوان کی جامہ تلاشی کے دوران ایک پستول ، ایک پستول میگزین، سات راونڈ اور دو ہینڈ گرینیڈ برآمد کرکے ضبط کئے گئے۔
موصوف ترجمان نے بتایاکہ تفتیش کے دوران نوجوان نے بتایا کہ وہ لشکر طیبہ کا ہابرڈ ملی ٹینٹ ہے۔
اُن کے مطابق ہابرڈ جنگجو بارہ مولہ ضلع میں تخریبی کارروائیاں انجام دینے کی فراق میں تھا تاہم عین موقع پر اُس کو دھر دبوچ کر سلاخوں کے پیچھے دھکیل دیا گیا۔