عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// پولیس نے سرینگر میں خصوصی جج(این آئی اے) کورٹ کے سامنے پولیس اسٹیشن بمنہ میں غیر قانونی سرگرمیاں(روک تھام) ایکٹ کے تحت درج ایف آئی آر نمبر 112/2023 کیس میں چارج شیٹ پیش کی۔پولیس کی خصوصی تحقیقاتی ٹیم (SIT) نے دسمبر 2023 کے دوران ہمدانیہ کالونی، بمنہ میںملی ٹینٹ حملے میں ملوث چار ملزمین کے خلاف NIA کورٹ میں چارج شیٹ پیش کی جس میں جموں و کشمیر پولیس کا ایک پولیس کانسٹیبل جاں بحق ہوا تھا۔جن چار ملزمان کی شناخت کی گئی ہے ان میں مہنان خان ساکن سید پورہ خواجہ پورہ رعناواری، امتیاز احمد کھانڈے ساکن ہمدانیہ کالونی بمنہ، دانش احمد ملہ ساکن ہمدانیہ کالونی بمنہ اور ارجمند گلزار ولد حمزہ برہان ساکن خربت پورہ رتنی پورہ پلوامہ شامل ہیں۔تفتیش کے دوران یہ بات سامنے آئی کہ تینوں ملزمان ارجمند گلزار عرف حمزہ نامی سرگرم ملی ٹینٹ کے ساتھیوں کے طور پر کام کر رہے تھے اور انہوں نے پولیس اہلکار کی ٹارگٹ کلنگ کے لیے ایک اچھی مجرمانہ سازش کے ذریعے اسلحہ اور گولہ بارود حاصل کیا تھا۔جبکہ تینوں ملزمین کو سرینگر پولیس نے گرفتار کیا ہے، چوتھا ملزم ارجمند عرف حمزہ کا تعلق کالعدم تنظیم البدر سے ہے۔ پولیس نے UAP ایکٹ کی متعلقہ دفعات کے تحت گرفتار ملزمین کی جائیدادوں اور اثاثوں کو ضبط کرنے اور غیر قانونی طریقوں سے جمع کرنے کی کارروائی بھی شروع کی ہے۔