سرینگر/پولیس نے منگل کو اُن دو جنگجوئوں کی شناخت کی جو آج صبح جنوبی ضلع کولگام کے ریڈونی گائوں میں فورسز کے ساتھ ایک معرکہ آرائی کے دوران جاں بحق ہوگئے۔
پولیس نے جاں بحق جنگجوئوں کی شناخت کرتے ہوئے کہا کہ معرکہ آرائی میں اعجاز احمد مکرو ولد مرحوم غلام رسول مکرو ساکنہ کیموہ کولگام اوروارث احمد ملک ولد بشیر احمد ملک ساکنہ آرونی بجبہارہ جاں بجق ہوگئے۔
اعجاز کے بارے میں پولیس نے کہا کہ وہ لشکر طیبہ سے وابستہ تھا اور وہ لشکر کے معروف جنگجو،نوید جاٹ کا قریبی ساتھی تھا۔
اس سے قبل آج صبح جنوبی ضلع کولگام کے ریڈونی گائوں میں جنگجوئوں اور فورسز کے مابین خونین معرکہ آرائی کے نتیجے میں دو جنگجو جاں بحق ہوگئے ۔ اس جھڑپ میں ایک فوجی اہلکار ہلاک اور دو سی آر پی ایف اہلکار زخمی ہوگئے۔
پولیس ذرائع نے کہا کہ ایک فوجی اہلکار، جس کی شناخت پرکاش یادو کے طور ہوئی ہے، اس جھڑپ میں زخمی ہوگیا جو بعد میں زخموں کی تاب نہ لاکر دم توڑ بیٹھا۔
انہوں نے کہا کہ امت کمار اور اویناش نامی سی آر پی ایف اہلکاروں کو بھی اس جھڑپ میں گولیاں لگی ہیں اور اُن کا علاج جاری ہے۔
مقامی ذرائع نے کہا کہ ریڈونی جھڑپ کے دوران اُنہوں نے شدید فائرنگ کے علاوہ علاقے کو ہلادینے والے دھماکے بھی سنے جس سے عام لوگ سہم کر رہ گئے۔فائرنگ اور دھماکوں کا سلسلہ آدھی رات سے شروع ہوا تھا۔