سرینگر/جنوبی کشمیر کے ترال میں منگل کو جو2 جنگجو فورسز کے ساتھ معرکہ آرائی کے دوران جاں بحق ہوگئے، وہ دونوں مقامی ہیں۔
پولیس کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ جاں بحق جنگجوئوں میں ادفر فیاض پرے ولد فیاض احمد پرے ساکنہ گلشن پورہ ترال اور عرفان احمد راتھر ولد غلام حسن راتھر ساکنہ شریف آباد ترال شامل ہیں۔
پولیس نے کہا کہ دونوں کا تعلق حزب المجاہدین سے تھا۔
یہ معرکہ ترال کے میر محلہ میں ہوا جہاں گذشتہ روز شام سے ہی فورسز آپریشن جاری تھا۔
ذرائع کے مطابق یہ آپریشن گذشتہ شام دیر گئے معطل کیا گیا تھا جو آج صبح سر نوشروع کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق فورسز نے معرکہ آرائی کے دوران ایک رہائشی مکان کو بارود سے اُڑادیا۔
انہوں نے کہا کہ اس معرکہ میں ایک عام شہری، فاروق احمد بھی زخمی ہوگیا جس کو سرینگر منتقل کیا گیا ہے۔