سرینگر// پلوامہ کے پنگلنہ علاقے میں جنگجوئوں اور فورسز کے درمیان جھڑپ میں ایک پولیس اہلکار ہیڈ کانسٹبل عبدالرشید ساکن ٹنگڈار کی ہلاکت کے سلسلے میں سرینگر کے ضلع پولیس لاینز میں گلہائے عقیدت کی ایک تقریب منعقد ہوئی،جس میں سیول اور پولیس افسران نے شرکت کی۔ ریاستی گورنر کے صلاح کار وجے کمار، ریاستی پولیس کے سربراہ دلباغ سنگھ،سی آر پی ایف کے آئی جی آپریشنز ذوالفقار حسین،آئی جی کشمیر ایس پی پانی،ضلع ترقیاتی کمشنر سرینگر عابد حسین اور دیگر لوگ بھی موجود تھے۔افسران اور اہلکاروں نے مہلوک پولیس ہیڈ کانسٹبل عبدالرشید کو خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے انکے تابوت پر گلباری کی۔انہوں نے کہا’’ ڈیوٹی کے دوران عبدالرشید نے عظیم قربانی پیش کی‘‘۔تقریب پر سرکاری فورسز کے سنیئر افسران کے علاوہ ایس ایس پی سرینگر ڈاکٹر حسیب مغل،ایس ایس پی سیکورٹی امتیاز حسین اور ضلع پولیس لائنز سرینگر و دیگر سیکورٹی ایجنسیوں کے اہلکار و افسران بھی موجودتھے۔ عبدالرشید نے اپنے پیچھے اہلیہ کے علاوہ دو کمسن بچیوں اور بھائی کو چھوڑ کر چلے گئے۔