عازم جان
بانڈی پورہ//ڈائریکٹر جنرل پولیس نلین نلِن پربھات نے پیر کے روز بانڈی پورہ میں ایک اعلیٰ سطحی سکیورٹی میٹنگ کی صدارت کی، جس میں ریاست میں جاری انسدادِملی ٹینسی آپریشنز کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ ان کے ہمراہ اسپیشل ڈی جی اور انسپکٹر جنرل پولیس کشمیر بھی موجود تھے ۔ میٹنگ میں ایس ایس پی بانڈی پورہ، ایڈیشنل ایس پی، ایس ڈی پی اوز اور تمام ایس ایچ اوز نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران ضلع بھر میں جاری سکیورٹی اقدامات، انٹیلی جنس نیٹ ورک، انسدادِ ملی ٹینسی کارروائیوں اور عوامی رابطہ پروگراموں کا باریک بینی سے جائزہ لیا گیا۔ ڈی جی پی نلن پربھات نے افسران پر زور دیا کہ وہ موجودہ چیلنجز کے پیشِ نظر زمینی سطح پر سیکیورٹی گرڈ کو مزید مضبوط بنائیں اورملی ٹینٹ نیٹ ورک کے خاتمے کے لیے جدید تکنیکی ذرائع کے استعمال کو بڑھایا جائے ۔میٹنگ میں حالیہ کامیاب کارروائیوں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے پولیس سربراہ نے افسران کی کارکردگی کو سراہا اور انہیں ہدایت دی کہ وہ تشددکے تمام معاون عناصر کے خلاف بلا امتیاز کارروائی جاری رکھیں۔ ڈی جی پی نے کہا کہ جموں و کشمیر پولیس عوام کے تعاون اور اعتماد کے ساتھ امن و استحکام کو برقرار رکھنے کے لیے پرعزم ہے ۔ انہوں نے زور دیا کہ پولیس فورس کا مقصد صرف کارروائیاں نہیں بلکہ عوامی سلامتی اور امن کا تسلسل یقینی بنانا بھی ہے ۔ انہوں نے عوامی اعتماد کو مستحکم کرنے اور ضلع بھر میں پرامن اور محفوظ ماحول کو یقینی بنانے کے لئے کمیونٹی پولیسنگ کی اہمیت اور بین ایجنسی کوآرڈینیشن میں اضافہ پر بھی زور دیا۔