بلال فرقانی
سرینگر// ایل جی منوج سنہا نے جمعہ کو پولیس سب انسپکٹر بھرتی لسٹ کو منسوخ کر دیا۔معاملے کی سی بی آئی جانچ کی سفارش بھی کی گئی۔سوشل میڈیا مائیکرو بلاگنگ ٹویٹر پر، لیفٹیننٹ گورنر کے سرکاری ٹویٹر ہینڈل پر لکھا گیا’’پولیس سب انسپکٹرکے سلیکشن لسٹ کو منسوخ کر دیا گیا ہے اور بھرتی عمل میں بت ضابطگیوں کی CBIکے ذریعہ جانچ کی سفارش کی گئی ہے‘‘۔
انہوں نے کہا کہ مجرموں کو جلد انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ یہ پہلا بڑا قدم ہے ،ہمارے نوجوانوں کے مستقبل کو محفوظ بنانے کے لیے اور حکومت جلد ہی نئی بھرتی کے لیے مستقبل کے لائحہ عمل کا فیصلہ کرے گی۔یہ بات قابل ذکر ہے کہ کچھ امیدواروں نے پولیس بھرتی کے امتحان کو ‘دھوکہ دہی’ اور ‘غیر منصفانہ’ قرار دیا تھا۔اس کے بعد انتظامیہ نے 4 جون کو آن لائن اعلان کردہ سب انسپکٹر کے نتائج 2022 میں دھوکہ دہی کے الزامات کی ایڈیشنل چیف سکریٹری، محکمہ داخلہ، آر کے گوئل کی سربراہی میں ایک کمیٹی کے ذریعے وقتی جانچ کا اعلان کیاتھا۔جانچ رپورٹ ایل جی کو موصول ہوئی ہے جس میں فراڈ ہونے کا شبہ ظاہر کیا گیا ہے اور اس بات کی سفارش کی گئی کہ سلیکشن لسٹ کو منسوخ کر کے اس معاملی کی تحقیقات کی جائے تاکہ ملوثین کی نشاندہی کی جاسکے۔مارچ 2022 میں 97000امیدوار پولیس سب انسپکٹر کی 1200اسامیاں پر کرنے کیلئے تحریری امتحان میں شامل ہوئے تھے۔
بعد میں سوشل میڈیا پر سلیکشن عمل میں دھاندلی کرنے کا الزام لگایا گیا اور سلیکشن لسٹ میں ایسے11کنبوں کی نشاندہی کی گئی جن کے افراد کامیان قرار دیئے گئے تھے، جن کی ولدیت ایک جیسی ہے۔