سرینگر//عوام کی طرف سے شہر سرینگر میں صدیوں پرانے چنار کے درختوں کو نقصان پہنچنے کے خدشے کے اظہارکے بعد انتظامیہ نے پولو وید میںکھدائی کا کام روک دیا ہے ۔سول لائنز میں گذشتہ کئی دنوں سے پولو ویو علاقہ میں سڑک کے کنارے گاڑیوں کی پارکنگ کیلئے جگہ تیار کی جارہی ہے اور اس مقصد کیلئے چناروں کے نزدیک بھی کھدائی ہورہی ہے جس کی وجہ سے چنار کے ان درختوں کو خطرہ لاحق ہوگیا ہے ۔منگل کو کئی سماجی رابطہ سائٹوں پر شہریوں نے اس کے فوٹو گراف اور ویڈیو شیر کئے جس میں انہوں نے یہ خدشہ ظاہر کیا کہ اس طرح سڑک کے کنارے چناروں کے نزدیک کھدائی سے صدیوں پرانے چنار کے درخت خطرات کی زد میں ہیں ۔رعناواری کے مشتاق احمد میر نے سماجی رابطہ سائٹ پر لکھا ’’600سال پرانے چناروں پر اب کلہاڑی کی تیاری ،کھدائی سے چناروں کے جڑ باہر نکل آئیں گے اور پھر چنار سوکھ جائیں گے ،یہ ایک منصوبہ بندی ہے ‘‘۔انہوں نے مزید لکھا ’’یہ دیکھ کر مجھے لگا کہ میرے جڑ کٹ رہے ہیں ‘‘۔شیخ شفیق نامی ایک اور شہری جو دوبئی میں کام کررہے ہیں اور کبھی کبھی گھر آتے ہیں نے کہا ’’میں ایک گاڑی میں سفر کررہا تھا اور یہ منظر دیکھ کر میں حیران ہوگیا کہ کس طرح ماحولیاتی ورثہ پرکلہاڑی چلانے کی تیاری ہورہی ہے ‘‘۔اسی طرح دیگر کئی شہریوں نے بھی اس اقدام کو سنگین قرار دیتے ہوئے کشمیر کی شناخت سمجھنے والے اس درخت کو بچانے کی اپیل کی ۔عوام کی طرف سے ظاہر کئے گئے ان خدشوں کے بعد انتظامیہ نے کام پر روک لگا دی ۔ضلع ترقیاتی کمشنر سرینگر سید عابد حسین نے بتایا’ اب کام کو روک دیا گیا ہے اور ہم اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ کسی بھی حالت میں چنار کو کوئی نقصان نہ پہنچے ‘‘۔انہوں نے مزید کہا کہ وہ چناروں کو بچانے کیلئے تمام ضروری اقدامات اٹھائیں گے ۔