مشتاق الاسلام
پلوامہ//پنگلنہ پلوامہ میں پینے کے پانی کی مسلسل عدم دستیابی کے خلاف مقامی مرد و خواتین نے شدید احتجاج کرتے ہوئے سرینگرپلوامہ شاہراہ پر دھرنا دیا، جس کے باعث کئی گھنٹوں تک ٹریفک کی روانی متاثر رہی اور مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ مظاہرین نے محکمہ جل شکتی کے خلاف سخت نعرہ بازی کرتے ہوئے کہا کہ متعدد علاقوں میں پینے کے پانی کا شدید بحران برقرار ہے، مگر متعلقہ حکام مسئلے کے حل میں سنجیدگی کا مظاہرہ نہیں کر رہے۔ دریں اثنا، ڈاکٹرس کالونی پلوامہ نے بھی شکایت کی ہے کہ وہ گزشتہ تقریباً تین دنوں سے پینے کے صاف پانی کی فراہمی سے محروم ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ متعدد بار متعلقہ حکام کو تحریری و زبانی طور پر آگاہ کیا گیا، مگر اب تک کوئی مؤثر اقدام نہیں اٹھایا گیا۔ لوگوں نے خبردار کیا کہ اگر فوری طور پر پینے کے پانی کی باقاعدہ فراہمی یقینی نہ بنائی گئی تو وہ احتجاج کا دائرہ مزید وسیع کرنے پر مجبور ہوں گے۔ انہوں نے ضلع انتظامیہ اور محکمہ جل شکتی سے مطالبہ کیا کہ عوام کو بنیادی سہولت سے محروم رکھنے کے بجائے فوری اور مستقل حل فراہم کیا جائے۔