سرینگر//پنچایتی و بلدیاتی انتخابات کے اعلانات کے بیچ پنچایت گھروں کو خاکستر کرنے کی کارروائیوں کوانتخابی عمل پٹری سے نیچے اتارنے کی کوشش قرار دیتے ہوئے ریاستی پولیس نے کہا کہ اس طرح کے واقعات کو روکنے کیلئے ٹھوس اقدامات کئے جائیں گے۔ ایڈیشنل جنرل آف پولیس سیکورٹی اور امن و قانون منیر احمد خان کا کہنا ہے کہ جو عناصر پنچایتی اداروں کو پھلنا پھولنا نہیں دیکھنا چاہتے ہیں،انکی ایماء پر یہ واقعات رونما ہوتے ہیں۔منیر خان نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا’’جو لوگ پنچایتی اداروں کو پنپتے نہیں دیکھنا چاہتے ہیں،انکی ہدایت پر کچھ شرپسند عناصر یہ کرتے ہیںتاہم ہم نے تمام واقعات سے متعلق کیس درج کر کے تحقیقات شروع کی ہے‘‘۔انہوں نے کہا کہ تحقیقات کے دوران اس بات کا انکشاف ہواکہ کچھ عناصر پنچایت گھروں کو جنگجوئوں کی ایماء پر نذر آتش کر رہے ہیں۔منیر خان نے کہا کہ اس سلسلے میں پہلے ہی کئی اقدامات کئے گئے ہیں،جن کو منکشف نہیں کیا جاسکتا۔انہوں نے کہاکہ ان علاقوں میں گشت کو یقینی بنایا جائے گا،جن علاقوں میں پنچایتی اداروں کو نشانہ بنانے کا خطرہ لاحق ہو۔