حسین محتشم
پونچھ//سرحدی ضلع پونچھ کے سب ڈویژن سرنکوٹ کے حلقہ پنچایت مرہوٹ کے رہائشی علاقے میں بجلی کے خراب ٹرانسفارمر کی وجہ سے گزشتہ ایک سال سے بجلی کی کٹوتیوں اور بندش سے دوچار ہیں۔شہریوں کے مطابق بھاری ماہانہ بلوں کی ادائیگی کے باوجود علاقہ مکین بجلی کی بندش کا شکار ہیں جس سے لوگوں شدید مایوسی پھیل گئی ہے ۔شہریوں نے بجلی کے بنیادی ڈھانچے کو برقرار رکھنے کے ذمہ دار حکام پر سنگین غفلت کا الزام لگایا ہے۔ سماجی کارکن اور پی ایچ ڈی سکالر اسحاق احمد حسرت نے متعلقہ حکام سے فوری کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ پنچایت مرہوٹ کے مکین اپنے بجلی کے بل باقاعدگی سے ادا کر رہے ہیں لیکن حکام انہیں بجلی کی بنیادی ضرورت فراہم کرنے میں ناکام رہے ہیں، اسحاق نے کہاکہ یہ غفلت اور بدعنوانی کا واضح معاملہ ہے، اور ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ حکام اس مسئلے کو حل کرنے کے لئے فوری کارروائی کریں۔انہوں نے کہاکہ نیشنل رورل الیکٹریفیکیشن پالیسی کا مقصد 2009 تک تمام گھرانوں کو بجلی تک رسائی فراہم کرنا ہے، جس میں معیاری اور قابل اعتماد بجلی کی فراہمی مناسب نرخوں پر ہونی ہے تاہم پنچایت مرہوٹ میں صورتحال اس مقصد کے بالکل برعکس ہے۔ انہوں نے اس معاملے کو اعلیٰ حکام بشمول جموں پاور ڈسٹری بیوشن کارپوریشن کے منیجنگ ڈائریکٹر، چیف انجینئر اور وزیر اعلیٰ تک لے جانے کا عزم ظاہر کیا ہے تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جا سکے کہ پنچایت مرہوٹ کے مکینوں کو وہ بجلی ملے جس کے وہ مستحق ہیں۔