جاوید اقبال
مینڈھر // مینڈھر سب ڈویژن کی پنچایت سر گورسائی میں بجلی کا ترسیلی نظام مکمل مفلوج ہونے کی وجہ سے صارفین کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔صارفین نے محکمہ بجلی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ گزشتہ کئی برسوں سے بجلی کی تاریں سبز درختوں اور لکڑی کے کھمبوں کیساتھ آویزاں ہیں جس کی وجہ سے جہاں صارفین کی بجلی سپلائی متاثر ہورہی ہے وہائیں لوگوں کیساتھ ساتھ دیگر جانداروں کی زندگی کو بھی خطرہ لائق ہے ۔صارفین نے محکمہ کے نظام پر تنقید کرتے ہوئے کہاکہ گزشتہ کئی عرصہ سے بجلی نظام کو ٹھیک کرنے کا مطالبہ کیاجارہا ہے لیکن محکمہ اور مقامی انتظامیہ کی جانب سے صرف جھوٹی تسلیاں دی جارہی ہیں جبکہ عملی بنیادوں پر کوئی کام نہیں کیاجارہا ہے ۔سبکدوش نائب تحصیلدار آفتاب حسین شاہ نے بتایا کہ بجلی کے خراب ترسیلی نظام کے سلسلہ میںا نہوں نے متعلقہ حکام سے رجوع کیا تاہم انہوں نے بتایا کہ اس وقت بجلی کی نجکاری کی وجہ سے ٹھیکیدار کام کررہے ہیں ۔انہوں نے الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ بھاری کرایہ ادا کرنے کے بعد بھی صارفین کو سہولیات فراہم نہیں کی جارہی ہیں ۔صارفین نے الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ انتظامیہ کی لاپرواہی کی وجہ سے عام لوگ کیساتھ کھلواڑ کی جارہی ہے ۔مقامی لوگوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ پنچایت سر گورسائی میں بجلی کے نظام کو درست کرنے کیساتھ ساتھ پختہ کھمبے لگائے جائیں تاکہ عام لوگوں کی پریشانی ختم ہو سکے ۔