عشرت حسین بٹ
منڈی//ضلع پونچھ کی تحصیل منڈی کے علاقہ چکھڑی سے تعلق رکھنے والے نذیر احمد ولد محمد اسماعیل اور ان کی بہن سلیمہ بی، جو دونوں جسمانی طور ناخیز ہیں ،نے ضلع انتظامیہ پونچھ سے اپیل کی ہے کہ ان کی امداد کی جائے۔ بتا دیں کہ نذیر احمد جن کی بہن بچپن سے ہی دونوں ٹانگوں سےاپاہج ہیں اور خود نذیر احمد پانچ برس قبل مزدوری کرتے ہوئے ایک چھت گرنے کی وجہ سے اپنی دونوں ٹانگوں سے ہاتھ دھو بیٹھااور اب سخت کسم پرسی کی حالت میں اپنی زندگی گزار رہے ہیں۔
نذیر احمد کے مطابق پانچ برس قبل وہ مزدوری کرتے ہوئے ایک مکان کی چھت کے نیچے آگیا تھا جس کی وجہ سے اس کی دونوں ٹانگیں ٹوٹ گئیں۔ ان کا کہنا تھا کہ بہت علاج کروانے کے بعد بھی ان کی ٹانگوں میں جان نہ آ سکی۔ ان کا کہنا تھا کہ ان کے دو بچے ہیں اور ایک بہن ہے جو بچپن سے ہی دونوں ٹانگوں سے اپاہج ہے جس کی وجہ سے دونوں بہن بھائی کوئی بھی کام نہیں کرسکتے۔نذیر کا کہنا تھا کہ سرکار کی جانب سے اگر چہ انہیں پینشن ملتی ہے اس سے اسکا اور اس کے اہل و عیال کا گزارا نہیں ہو سکتا۔ انہوں نے کہا کہ ان کے والد بیمار ہیں اورکئی سال سے بستر پر پڑے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اپنی اور اپنی بہن کی پینشن سے وہ والد اور بہن کی دوائی بھی پورا نہیں کر سکتے۔ انہوں نے کہا کہ مالی حالت خراب ہونے کی وجہ سے وہ اپنے بچوں کو تعلیم بھی نہیں دلوا سکتے۔ انہوں نے لیفٹیننٹ گورنر انتظامیہ اور ضلع انتظامیہ پونچھ سے اپیل کی کہ انہیں زندگی گزار نے کے لیے ان کی پینشن میں اضافہ کیا جائے۔نذیر نے عام لوگوں سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ ان کی امداد کریں تاکہ وہ اپنا اور اپنے اہل و عیال کا پیٹ پال سکیں۔