عظمیٰ نیوز سروس
جموں//پنجاب کے مختلف حصوں میں کسانوں کی طرف سے “ریل روکو” ایجی ٹیشن کی وجہ سے جمعہ کو جموں اور کٹرہ ریلوے سٹیشنوں پر مسافروں کی ایک بڑی تعداد، جن میں بہت سے یاتری تھے، درماندہ ہوئے کیونکہ سات ٹرینیں منسوخ ہوئیں اور 13 کا رخ موڑ دیا گیا ۔کسانوں کی متعدد تنظیموں کے ارکان نے جمعرات کو اپنے مطالبات جیسے کہ حالیہ سیلاب سے ہونے والے نقصانات کے لیے مالیاتی پیکیج، کم از کم امدادی قیمت کی قانونی ضمانت اور قرض معافی کے مطالبات پر زور دینے کے لیے اپنا تین روزہ احتجاج شروع کیا۔احتجاج کے ایک حصے کے طور پر، کسانوں نے موگا، ہوشیار پور، گورداسپور، جالندھر، ترن تارن، سنگرور، پٹیالہ، فیروز پور، بٹھنڈہ اور امرتسر سمیت کئی مقامات پر ٹرین کی پٹریوں پر بیٹھ گئے۔۔ ریلوے کے سینئر عہدیدار پرتیک شریواستو نے کہا”اس احتجاج کی وجہ سے کچھ ٹرینیں متاثر ہوئی ہیں لیکن 60 سے 70 فیصد ٹرینیں تبدیل شدہ راستوں سے چلائی جا رہی ہیں‘‘۔انکاکہناتھاکہ ٹرین ٹریفک کی نگرانی اور مسافروں کو کم سے کم تکلیف کو یقینی بنانے کیلئے افسران کو چوبیس گھنٹے ڈیوٹی پر رکھا گیا ہے۔ریلوے حکام نے بتایا کہ احتجاج کی وجہ سے اب تک 13 ٹرینوں کا رخ موڑ دیا گیا ہے اور سات کو منسوخ کر دیا گیا ہے۔شریواستو نے کہا کہ اس احتجاج نے امبالہ اور فیروز پور ریلوے ڈویژن کو براہ راست متاثر کیا ہے۔ انہوں نے کہا’’ٹرینوں کا رخ یہاں سے نکودر کے علاقے (پنجاب میں) کے راستے موڑ دیا گیا ہے۔ سب سے زیادہ متاثرہ علاقہ جالندھر ہے۔ کٹرہ جانے والی دو خصوصی ٹرینیں منسوخ کر دی گئی ہیں۔ شیو شکتی ٹرین کو بھی منسوخ کر دیا گیا ہے‘‘۔عہدیدار نے بتایا کہ کٹرہ ریلوے سٹیشن پر ہر روز 15,000 سے 20,000 لوگ آتے ہیں۔ ان میں سے 70 فیصدیاتری ہیں۔ اس ایجی ٹیشن کی وجہ سے کچھ ٹرینیں متاثر ہوئی ہیں اور زیادہ تر ٹرینوں کا رخ انہیں لے جانے کے لیے موڑ دیا جا رہا ہے تاہم جموں اور کٹرہ ریلوے اسٹیشنوں پر پھنسے ہوئے مسافروں کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے جس کی وجہ سے ٹرینوں کی منسوخی اور رخ موڑنے کی وجہ سے انہیں تکلیف ہو رہی ہے۔ گورکھپور کے اروند کمار نے کہا”ہم ریلویاسٹیشن پر پھنسے ہوئے ہیں۔ ہم نہیں جانتے کہ کیا کرنا ہے ہم گھر پہنچ چکے ہوتے۔ لیکن اب وہ کہہ رہے ہیں کہ ٹرینوں کا رخ موڑ دیا جائے گا۔ یہ ہمارے لیے ایک مسئلہ ہے‘‘۔چھتیس گڑھ کے بہاری لال ویشنو دیوی مندرپر پوجا کرنے کے بعد گھر لوٹ رہے تھے تاہم وہ بھی ریلوے سٹیشن پر پھنسے رہے۔انکاکہناتھا”ٹرین کے منسوخ ہونے کے بعد ہم کل سے یہاں پھنسے ہوئے ہیں۔ ہم نہیں جانتے کہ کیا کرنا ہے۔ کوئی ہماری بات نہیں سن رہا ہے۔ ہم آٹھ لوگوں کا ایک گروپ ہیں، جن میں بچے بھی شامل ہیں ‘‘۔احمد آباد کے سورج سنگھ، جو 11 لوگوں کے ساتھ کشمیر کے دورے سے واپس آئے تھے اور گھر واپس ٹرین لینے والے تھے، کو بتایا گیا کہ ٹرین منسوخ کر دی گئی ہے۔سورج سنگھ نے کہا’’انہوں نے ہمیں کل آنے کو کہا۔ ہم کہاں رہیں گے؟ اس کا مطلب ہے کہ ہوٹل میں قیام کے لئے ہزار سے پندرہ سو دینے ہیں۔ ٹیکسی آپریٹرز نے دہلی کے سفر کیلئے 35,000 روپے کا مطالبہ کیا جو پہنچ سے باہرہے‘‘۔