شوپیان// پلوامہ کے 2مضافاتی دیہات میں پولیس نے دوران شب چھاپوں کے دوران 9نوجوانوں کو گرفتار کیا۔پولیس کے سپیشل آپریشن گروپ نے یہ چھاپے پیر اور منگل کی درمیانی شب آری ہل اور آڑی گام پلوامہ کے دو نزدیکی دیہات میں ڈالے۔پولیس کا کہنا کہ گرفتار شدہ نوجوانوں سے سنگباری میں ملوث ہونے کے بارے میں پوچھ تاچھ کی جارہی ہے۔چھاپہ مار کارروائیوں کے دوران 8 نوجوانوں کو آری گام گاؤں جبکہ ایک نوجوان کو آری ہال گاؤں سے گرفتار کیا گیا۔گرفتار شدہ 9 نوجوانوں میں سے 7نوجوانوں کی شناخت بلال احمد گنائی، شوکت احمد راتھر، سبزار احمد لون، طارق احمد ڈار، شکیل احمد راتھر، ہلال احمد اور مظفر احمد وانی ساکنان آری گام پلوامہ کے بطور ہوئی ہے۔ادھر سوگن شوپیان کا فوج اور پولیس نے منگل کی صبح محاصرہ کیا اور جنگجوئوں کی موجودگی کی اطلاع پر گھر گھر تلاشی کارروائی کی۔تاہم کئی گھنٹوں تک جاری رہنے والے آپریشن کے دوران جنگجوئوں کی موجودگی کا پتہ نہیں چلا جس کے بعد محاصرہ اٹھایا گیا۔