نیوز ڈیسک
پلوامہ//لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہا نے اتوار کو پلوامہ میں 120 فٹ اونچا قومی پرچم قوم کو وقف کیا۔اُنہوں نے ترنگا لہرایا اور منی سیکرٹریٹ پلوامہ میں گارڈ آف آنر حاصل کیا۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ ترنگا ایک قوم ، ایک احساس اور ایک شناخت کی علامت ہے ۔ اُنہوں نے کہا کہ یہ ہماری عظیم قوم کااعزاز اور فخر ہے ، یہ ہمارے آباء و اجداد کے خوابوں اور ہمارے نوجوانوں کی اُمنگوں کا عکاس ہے۔اِس موقعہ پر لیفٹیننٹ گورنر نے ضلع میں 9.11 کروڑ روپے کے مختلف نوجوانوں پر مبنی منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھا جس میں چار کروڑ روپے کی لاگت سے ڈسٹرکٹ یوتھ سینٹر ، دوکروڑ روپے کی لاگت سے ڈسٹرکٹ یوتھ لائبریری، مشن یوتھ کے یوتھ انگیج منٹ پروگرام کے تحت ایک کروڑ روپے کی لاگت سے مقابلہ جاتی اِمتحانات کے لئے کونسلنگ سینٹر، ٹی ایس پی کے تحت دیہی بی پی او اور آئی ٹی اوِی ایس اکیڈیمی کا قیام دو کروڑ روپے کی لاگت سے اور نکاس پلوامہ میں 11.63 لاکھ روپے کی لاگت سے یوتھ کلب کم کافی شاپ اور پبلک پارک کی تعمیر شامل ہیں۔
لیفٹیننٹ گورنر نے بڑی تعداد میں موجود نوجوانوں سے خطاب کرتے ہوئے ان پر زور دیا کہ وہ صحیح راہ پر چلیں جو ترقی اور قوم کی تعمیر کا باعث بنتا ہے۔اُنہوں نے کہا کہ نوجوان پود میں اِنقلاب لانے اوردُنیا کو بدلنے کی صلاحیت اور طاقت ہے۔اُنہوں نے کہا کہ تمام نوجوانوں کو خوف سے پاک ، رشوت سے پاک ، منشیات سے پاک اور روزگار پر مبنی جموںوکشمیر کی تعمیر کے لئے مل کر کام کرنا چاہیے اور پڑوسی ملک کے مذموم عزائم کو شکست دینے کا عہد کرنا چاہیے۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہاکہ جموںوکشمیر کے لئے ہمارے مربوط ایکشن پلان میں اِنسانی وسائل کا ایک اہم کردار ہے اور صرف اس کی بنیادی صلاحیت کو فروغ دے کر ہی ہم ایک جدید معاشرہ تشکیل دے سکتے ہیں۔اُنہوں نے نوجوانوں کی مشغولیت ، تخلیقی قیادت کوفروغ دینے اور نوجوانوں کی ترقی اور خوشحالی کے لئے ایک صحیح ذریعہ فراہم کرنے کے لئے مشن یوتھ کی کوششوں کو سراہا۔لیفٹیننٹ گورنر نے نوٹ کیا کہ ’’ ممکن‘‘ پروگرام کے تحت جموںوکشمیر کے 4,482 نوجوان لڑکوں اور لڑکیوں کو منی کمرشل گاڑیاں دی گئی ہیں ۔اُنہوں نے کہا کہ ’’ تیجسوینی ‘‘ پروگرا م کے تحت 3,500 خواتین کو ان کے کاروباری بننے کے خوابوں کو پورا کرنے کے لئے 100 کروڑ روپے کی مالی اِمداد فراہم کی گئی ہے ۔تیجسوینی نے تقریباً 50,000 دیگر خواتین اور مردوں کو بھی روزگار کے مواقع فراہم کئے ہیں۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ پرواز، رائز ٹو گیدر ، سپر 75 جیسے پروگرام جموںوکشمیر کے لاکھوں نوجوانوں کی زندگی بدل رہے ہیں۔