سرینگر// حریت (گ)چیرمین سید علی گیلانی نے پلوامہ میں فورسز کی جانب سے ایک عام شہری بلال احمد گنائی کو بلا جواز گولیوں کا شکار بنائے جانے کی ظالمانہ کارروائی کی شدید ترین الفاظ میں مذمت کی۔ حریت رہنما نے اس امر پر اپنے گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ افواج یہاں کے حریت پسند عوام میں خوف وہراس کا ایک گھناؤنا ماحول قائم ودائم رکھنا چاہتے ہیں۔ گیلانی نے مرحوم کے حق میں خراج عقیدت اور لواحقین کے ساتھ اظہارِ ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ شہداء کی قربانیوں کے ساتھ ایفائے عہد ہم سب کا فرض ہے۔ گیلانی کی ہدایت پر حریت لیڈر بشیر احمد اندرابی پلوامہ گئے جہاں انہوں نے مرحوم کی نماز جنازہ میں شرکت کی اور اس موقع پر عوامی ریلی سے خطاب بھی کیا۔ حریت رہنما نے حاجن سوناواری اور بارہ مولہ میں نامعلوم بندوق برداروں کے ہاتھوں حالیہ لرزہ خیز ہلاکتوں کی سرزنش کرتے ہوئے کہا کہ اسلام کے آفاقی قوانین بدترین دشمنوں کو بھی وحشیانہ اذیتیں دے کر قتل اور مسخ صورت کرنے کی اجازت نہیں دیتا ہے۔ حریت رہنما نے ریاست کے اطراف واکناف میں بھارت کی انتظامیہ کی طرف سے اخوانی طرز کے نامعلوم بندوق برداروں کی پشت پناہی کرتے ہوئے ہماری مقدس تحریک کو خانہ جنگی میں تبدیل کرنے کے منصوبوں پر عمل پیرا ہے۔ حریت رہنما نے اپنے غیور عوام سے دردمندانہ اپیل کرتے ہوئے کہا کہ اس خونین صورت حال میں وہ تحریک دشمنوں کے مکروہ عزائم سے خبردار رہتے ہوئے ان کے ناپاک منصوبوں کو ناکام بنانے کی ہر ممکن کوشش کریں۔ حریت راہنما نے کہا کہ بھارت حریت پسند عوامی صفوں کے اندر انتشار پھیلانے اور عوام کو اپنی مقدس تحریک سے بدظن کرنے کے تمام سامراجی حربے آزما رہا ہے، لیکن انہیں آج تک ناکامی کے سوا کچھ حاصل نہ ہوا۔