مشتاق الاسلام
پلوامہ// ضلع پلوامہ میں عوامی مشکلات کو مدنظر رکھتے ہوئے بھاجپا ضلع قیادت نے زبردست احتجاج کیا اور مطالبہ کیا کہ رہمو پلوامہ پل کو فوراً عوام کیلئے کھولا جائے۔ بی جے پی لیڈران نے اتوار کو رہمو پلوامہ ایک احتجاجی ریلی نکالی۔پارٹی کے لیڈران کا کہنا تھا کہ اس پل کی تعمیر گزشتہ دس سال سے جاری ہے، جو بالآخر تین ماہ قبل مکمل ہوگیا، لیکن تاحال اسے عوام کیلئے نہیں کھولا گیا۔بی جے پی ضلع صدر محمد لطیف بٹ نے احتجاجی مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ پل عوام کی سہولت کیلئے بنایا گیا ہے، نہ کہ سیاست کے لیے۔ ہمیں کوئی اعتراض نہیں کہ اس کا افتتاح لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا، وزیر اعلیٰ یا مقامی ایم ایل اے کریں، لیکن عوام کو مزید تکلیف میں نہیں رکھا جا سکتا۔ اگر پل مکمل ہو چکا ہے، تو اسے فوری کھولا جائے۔‘‘انہوں نے مزید کہا کہ پل کی تکمیل ضلع ترقیاتی کمشنر بشارت قیوم کی کاوشوں سے ممکن ہوئی ہے، جس کیلئے وہ خراجِ تحسین کے مستحق ہیں۔ تاہم، اب جب کہ پل مکمل ہو چکا ہے، حکومت کی جانب سے اس میں مزید تاخیر عوامی مسائل میں اضافہ کر رہی ہے۔احتجاج میں بی جے پی کے سینئر لیڈر ارشد بٹ، نائب ضلع صدر آفتاب یتو اور کانسچونسی پریزیڈنٹ راجپورہ جنید نبی سمیت متعدد کارکنان نے شرکت کی۔ مظاہرین نے حکومت سے اپیل کی کہ فوری طور پر پل کو عوام کے لیے کھولا جائے، تاکہ روزمرہ کی نقل و حرکت آسان ہو سکے۔بی جے پی لیڈران نے خبردار کیا کہ اگر عوامی مشکلات کو نظر انداز کیا گیا، تو احتجاج کا دائرہ مزید وسیع کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ پلوامہ کے عوام کو پہلے ہی بنیادی سہولیات کی کمی کا سامنا ہے، اور ایسے میں ایک مکمل شدہ پل جس پر 26 کروڑ روپیوں کا خرچہ آیا کو بند رکھنا کسی صورت قابلِ قبول نہیں ہوگا۔احتجاج کے دوران کئی مقامی شہریوں نے بھی بی جے پی کے مطالبے کی حمایت کی۔ ان کا کہنا تھا کہ روزانہ سینکڑوں لوگ پل بند ہونے کی وجہ سے مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں، اور اسے کھولنے میں مزید تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی۔