مشتاق الاسلام
پلوامہ //قومی تفتیشی ادارے (این آئی اے) کی سفارش پر محکمہ مال نے دوران شب چیوہ کلاں پلوامہ میں 3 کمروں پر مشتمل یک منزلہ دارلعلوم کی عمارت کو منہدم کردیا ۔سرکاری عہدار کے مطابق یہ کاروائی 9 اور 10اکتوبر کی درمیانی رات چیوہ کلان علاقے میںکی گئی۔ منہدم کی گئی دارالعلوم عمارت میں ایک سال قبل یعنی 12 مارچ 2022 کو ملی ٹینٹوں اور سیکورٹی فورسز کے درمیان مسلح تصادم ہوا تھا،جس میں ایک غیر مقامی سمیت 2 ملی ٹینٹ مارے گئے تھے۔ مقامی ملی ٹینٹ کی شناخت عاقب مشتاق ساکن کریم آباد پلوامہ ہوئی تھی۔
اس تصادم میں ایک عام شہری بھی زخمی ہوا تھا۔دارالعلوم میں ہوئے مسلح تصادم کے بعد پلوامہ پولیس اور سیکورٹی فورسز نے دارالعلوم کے منتظمین مولوی نصیر احمد اور امتیاز احمد کو گرفتار کرلیا ، جو ہنوز زیر حراست ہیں۔پولیس اور سیکورٹی فورسز نے دارلعلوم میں ہوئے اس تصادم آرائی کے بعد بڑے پیمانے پر گرفتاریوں کا سلسلہ شروع کردیا جس دوران ایک درجن کے قریب مشتبہ افراد کی گرفتاری عمل میں لائی گئی تھی۔مسلح تصادم سے مطلق پولیس تھانہ راجپورہ میں ایف آئی آر50/2022درج کیا گیا، لیکن بعد میں این آئی اے نے معاملے کی تحقیقات شروع کردی۔انہوں نے کہا کہ تین کمروں پر مشتمل مذکورہ دارالعلوم کی عمارت سرکاری اراضی پر بنائی گئی تھی اور 11/12 مارچ 2022 کے بعد سے بے کار تھی۔ حکام نے بتایا”تفتیشی ایجنسی کی سفارشات پر، سرکاری زمین پر ان غیر قانونی ڈھانچے کو رات کو پولیس کی حفاظت میں ریونیو حکام نے منہدم کر دیا”۔سرکاری عہدار کے مطابق دارالعلوم نہ صرف سرکاری اراضی پر تعمیر کیا گیا تھا بلکہ اس سے متعلق واضح ثبوت موجود ہیں کہ یہ عمارت ملک دشمن سرگرمیوں کیلئے استعمال کی جاری تھی۔