مشتاق الاسلام
پلوامہ//نیوہ پلوامہ کے متصل ایک گائوں میں ملی ٹینٹوں نے اینٹ کے بٹھے پر کام کرنے والے اتر پردیش ایک مزدور کو گولیاں مار کر ہلاک کر دیا ۔واقعہ کے بعد اس پورے علاقے کو گھیرے میں لیکر حملہ آوروں کی بڑے پیمانے پر تلاش شروع کردی گئی ہے۔پولیس نے لاش کو اپنی تحویل میں لیکر کیس درج کرلیا ہے۔پولیس کے مطابق پیر ایک بجے کے قریب مسلح ملی ٹینٹوں نے تمچہ نائوپورہ بٹہ پورہ (پاریگام نیوہ)گائوں میں اتر پردیش سے تعلق رکھنے والے ایک غیر ریاستی مزدور پرپے در پے تین گولیاں چلائیں جس سے وہ موقعہ پر ہلاک ہوگیا۔اس دوران اینٹ کے بٹھ میں کام کرنے والے دیگر مزدورں نے واقعے کے حوالے سے پولیس کو مطلع کیا۔پولیس نے فوج کی مدد سے پورے علاقے کو محاصرے میں لینے کے بعد لاش کو اپنی تحویل میں لیا۔ مہلوک مزدور کی شناخت 40 سالہ مکیش کمار ولد گنگا پرساد ساکن اتر پردیش کے بطور ظاہر کی گئی۔پولیس نے دیر شام گئے ایک بیان میں کہا کہ مذکورہ مزدور کو میوہ باغ میں زخمی حالت میں پایا گیا جس کے بعد اُسے اسپتال منتقل کیا گیا لیکن وہ جانبر نہ ہوسکا۔ پولیس کے مطابق ابتدائی تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ مذکورہ مزدور مقامی گائوں میں قائم اینٹ بٹھہB-7میں کام کررہا تھا۔ وہ حملے کے وقت خریداری کے لئے بازار گیا تھا۔ جب وہ واپس آرہا تھا تواُسے نشانہ بنایا گیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ اس سلسلے میں کیس زیر نمبر 293/2023درج کرلیا گیا ہے۔ پولیس نے مزید بتایا کہ جس گائوں میں یہ واقع پیش آیا اُس کے حدود ضلع بڈگام کے ساتھ بھی ملتے ہیں۔ اس واقعے کے بعد پولیس اور فوج کی 50 راشٹریہ رائفلز نے پورے علاقے کو محاصرے میں لیکر تلاشی کارروائی شروع کی تاہم اس دوران کسی کی گرفتاری عمل میں نہیں لائی گئی۔پلوامہ میں غیر ریاستی مزدور کی ہلاکت کے بعد فورسز نے ضلع کی اہم شاہراہوں پر ناکے بٹھا دئے جس دوران مسافر گاڑیوں کے علاؤہ نجی گاڑیوں کی باریک بنی سے تلاشی لی جارہی تھی۔گزشتہ 24 گھنٹوں میں وادی کشمیر میں یہ دوسرا دہشت گردانہ حملہ تھا۔ ملی ٹینٹوںنے سری نگر کے عیدگاہ علاقے میں ایک پولیس افسر کو گولی مار کر شدید زخمی کر دیا تھا۔انسپکٹر مسرور احمد وانی کو اس وقت تین گولیاں ماری گئیں جب وہ عیدگاہ گرائونڈ میں مقامی لوگوں کے ساتھ کرکٹ کھیل رہے تھے۔پولیس سربراہ نے اس واقعے کے بارے میں بتایا: ‘اس واقعے کی ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل آف پولیس کی قیادت میں تحقیقات ہو رہی ہے اور تفصیلات دستیاب ہورہی ہیں’۔انہوں نے کہا: ‘ایک غریب مزدور جو روزی روٹی کے لئے یہاں کام کر رہا تھا کو نشانہ بنانے کی حرکت کو نہ اللہ تعالیٰ، نہ ہی لوگ اور نہ ہی ہم معاف کر سکتے ہیں’۔ان کا کہنا تھا: ‘اس کیس کو دیکھا جا رہا ہے اور اس میں ملوث لوگوں کو جلد ہی سزا دی جائے گی۔