سرینگر/جنوبی ضلع پلوامہ میں فورسز کے ساتھ معرکہ آرائی کے دوران جو چار جنگجو جاں بحق ہوگئے اُن میں وہ دو پولیس اہلکار بھی شامل ہیں جو محض24گھنٹے پہلے پلوامہ پولیس لائینز سے لاپتہ ہوئے تھے ۔
مذکورہ جاں بحق ایس پی اوز کی شناخت شبیر احمد ساکنہ تجن پلوامہ اور سلیمان احمد ساکنہ ہٹہ مڑہ شوپیان کے طور ہوئی ہے جنہوں نے صرف24گھنٹے پہلے جنگجوئوں کی صف میں شمولیت اختیار کی تھی۔
دونوں پولیس اہلکار اپنی سروس بندوقیں سمیت کل لاپتہ ہوئے تھے۔
ذرائع کے مطابق پلوامہ کے پنجرن نامی گائوں میں پیش آئی اس معرکہ آرائی میں جاں بحق مزید دو جنگجوئوں کی شناخت عرفان احمد بٹ ساکنہ آری ہل پلوامہ اور عاشق حسین گنائی ساکنہ پنجرن کے طور ہوئی ہے۔
اس سے قبل جنوبی کشمیر کے پنجرن، لاسی پورہ علاقے میں گذشتہ روز شام کو جنگجوئوں اور فورسز کے مابین شروع ہوئی مسلح معرکہ آرائی کے دوران چار جنگجو جاں بحق ہوگئے ۔
حکام نے جمعہ کو کہا کہ یہ معرکہ آرائی پنجرن، لاسی پورہ نامی گائوں میںگذشتہ شام کو شروع ہوئی اور آج صبح چار جنگجوئوں کے جاں بحق ہونے پر ختم ہوگئی ۔
پولیس کی طرف سے جاری ایک مختصر بیان میں بتایا گیا ہے کہ اس معرکہ آرائی میں چار جنگجو جاں بحق ہوگئے ہیں جن کا تعلق جیش محمد نامی عسکری تنظیم سے تھا۔