سرینگر/جنوبی کشمیر کے پلوامہ ضلع میں سوموار کو عسکریت پسندوں اور فورسز کے مابین خونین معرکہ آرائی میں مزید تین فوجی زخمی ہوگئے۔
خبر رساں ایجنسی جی این ایس کے مطابق تازہ فائرنگ میں زخمی ہونے والوں میں لیفٹننٹ کرنل سمیت تین فوجی اہلکار شامل ہیں۔
اس سے قبل پلوامہ کے پنگلنہ علاقے میں جاری معرکہ آرائی کے دوران فوج کا ایک آفیسر اور تین سپاہی ہلاک ، جبکہ ایک زخمی ہوگیا ۔ معرکہ آرائی کے دوران ایک شہری گولی لگنے کے نتیجے میں جاں بحق ہوگیا۔اس معرکہ آرائی میں ابھی تک دو عسکریت پسند بھی جاں بحق ہوگئے ہیں۔
فوج کے ترجمان کرنل راجیش کالیا نے معرکہ آرائی کے دوران چار فوجیوں اور دو عسکریت پسندوں کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کی۔
یہ معرکہ پنگلنہ نامی گائوں میں اُس وقت شروع ہوا جب فوج، سی آر پی ایف اور ایس او جی اہلکاروں نے وہاں تلاشی آپریشن شروع کیا ۔
اس دوران جنگجوئوں اور فورسز کے مابین فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس میں آفیسر سمیت چار فوجی ہلاک ہوگئے جبکہ ایک اہلکار زخمی ہوگیا۔
ہلاک شدہ فوجیوں کی شناخت میجر ڈی ایس ڈانڈیال،ہیڈ کانسٹیبل سیوا رام، سپاہی اجے کمار اور سپاہی ہری سنگھ کے طورہوئی ہے۔
شدید زخمی فوجی اہلکار کی شناخت سپاہی گلزار محمدکے طور ہوئی ہے جس کو سرینگر میں قائم فوجی اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔
فائرنگ کے دوران ایک شہری، مشتاق احمد بھی زخمی ہوگیا جو بعد میں زخموں کی تاب نہ لاکر دم توڑ بیٹھا۔
گائوں میں آخری اطلاعات ملنے تک فورسز آپریشن جاری تھا۔