سرینگر//لبریشن فرنٹ ،جماعت اسلامی ، تحریک مزاحمت،دختران ملت، لبریشن فرنٹ ( آر )،ووئس آف وکٹمز،سالویشن مومنٹ ،لبریشن فرنٹ (ح)، مسلم کانفرنس ،محاذ آزادی ،ینگ مینز لیگ، تحریک استقامت ،مسلم خواتین مرکز،پیروان ولایت اور پیپلز فریڈم لیگ نے لتر پلوامہ میںایک معرکہ آرائی کے دوران جاں بحق ہوئے دو جنگجوئوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے پُرامن مظاہرین پر فورسز کی راست فائرنگ کے دوران ایک نواجوان گلزار احمد میر کی ہلاکت پر رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ لبریشن فرنٹ نے لتر پلوامہ میں عوام پر فورسز کی راست فائرنگ کی مذمت کی جس کے نتیجے میں ایک معصوم شہری گلزار احمد میرجاں بحق جبکہ کئی دوسرے شدید زخمی ہوئے ۔بیان کے مطابق فرنٹ کے ایک وفد نے سبھی جاں بحق ہوئے جوانوںکی نماز جنازہ اور تدفین میں شرکت کی۔وفد میں ضلع صدر غازی جاوید بٹ ،محمد ایوب نائیکو اور طارق احمد وغیرہ شامل تھے ۔فرنٹ نے راست فائرنگ اور عوامی املاک کو تباہ کرنے کی کاروائیوں کو سرکاری دہشت گردی سے تعبیر کرتے ہوئے کہا کہ مارڈالنا اور زخمی کردینا فورسز کا محبوب مشغلہ بن چکا ہے جو ہر لحاظ سے قابل مذمت ہے۔ فرنٹ قائدین نے جاں بحق ہوئے نوجوانوںکے بلند درجات اور زخمیوںکی فوری صحتیابی کیلئے دعا کی۔ جماعت اسلامی نے فورسز کی ان کارروائیوں کو عوام دشمن اور بلاجواز قرار دیتے ہوئے ان کی کڑی الفاظ میں مذمت کی ہے۔موصولہ بیان کے مطابق لتر پلوامہ میں فورسز کی طرف سے پُرامن مظاہرین پر بے تحاشہ فائرنگ سے درجنوں مردو زن زخمی ہوئے اور بعد میں ان میں ایک نوجوان گلزار احمد میر زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہوگیا۔جماعت نے کہا ہے کہ وادی میں خونریزی کا جو سلسلہ جاری ہے اس کو روکنے کا آسان طریقہ یہ ہے کہ جموںوکشمیر کے لوگوں کے ساتھ کئے گئے اُن وعدوں کا وفا کیا جائے جن کے ذریعے انہیں اپنے بنیادی حق ’حق خودارادیت‘ دینے کا عہد کیا گیا تاکہ وہ اپنے سیاسی مستقبل کا ایک دیرپا فیصلہ کرسکیں اور یہاں پائی جانے والی غیر یقینی صورتحال کو ختم کیا جاسکے۔جماعت اسلامی نے جاں بحق ہوئے نوجوانوں کے لواحقین سے یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے دُعاکی ہے۔ تحریک مزاحمت چیئرمین بلال احمد صدیقی نے خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے غمزدہ کنبوں سے تعزیت اور ہمدردری کا اظہار کیا ۔ دختران ملت کی جنرل سیکریٹری ناہیدہ نسرین نے خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ گیسو تراشی کے منصوبے سے پھیلی دہشت کے باوجود لتر پلوامہ کے عوام نے جس بہادری سے جنگجوئوں کی حفاظت کی کوشش کی گئی وہ قابل ستائش ہے ۔ لبریشن فرنٹ ( آر ) کے سیکریٹری جنرل وجاہت بشیر قریشی نے خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہاکہ نشہ قوت کے استعمال سے آزادی پسند قومیں کبھی سر خم نہیں کرتیں اور وقت نے ثابت کیا ہے کہ حق ہی سرخرو ہوکر اپنی تاریخ رقم کرتا ہے ۔ووئس آف وکٹمز کے کوارڈی نیٹر عبدالرئوف خان نے بے گناہ شہری گلزار احمد میر کی فورسز کے ہاتھوں ہلاکت کو قتل نا حق سے تعبیر کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ دو جنگجوئوں کو جاں بحق کرنے کے بعد فورسز نے جس طرح پُرامن مظاہرین پر فائرنگ کی وہ قابل مذمت ہے۔سالویشن مومنٹ چیئرمین ظفر اکبربٹ اور لبریشن فرنٹ)ح( چیئرمین جاوید احمد میر نے اپنے ایک مشترکہ بیا ن میںخراج عقیدت پیش کرتے ہوئے اس بات کا اعادہ کیا کہ ان کی قربانیاں اس واقعہ کی گواہی دے رہی ہیں کہ تحریک مزاحمت کبھی طاقت اور زور و جبر سے دب نہیں سکتی ۔ مسلم کانفرنس کے ایک دھڑے کے چیئرمین شبیر احمد ڈار ،محاز آزادی کے ایک دھڑے کے صدر محمد اقبال میر ،ینگ مینز لیگ چیئرمین امتیاز احمد ریشی، تحریک استقامت سربراہ غلام نبی وار اور مسلم خواتین مرکز کی چیئرپرسن یاسمین راجا نے اپنے مشترکہ بیان میں خراج عقیدت پیش کیا ہے۔مشترکہ بیان کے مطابق فورسز نے مظاہرین پربے تحاشہ فائرنگ کی جس کے نتیجے میں گلزار احمدنامی نوجوان جاں بحق ہوا۔پیروان ولایت ترجمان اور پیپلز فریڈم لیگ ترجمان نے خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے رواں تحریک آزاد ی میں کشمیری نوجوانوں کی قربانیوںکوتحریک کا سرمایہ قرار دیا ہے۔