سرینگر/جنوبی کشمیر کے پلوامہ ضلع میں بدھ کو ایک سکول کے اندر ہوئے پُر اسرار دھماکے میں کم سے کم 28بچوں کے زخمی ہونے کے بعد پولیس اور مظاہرین کے درمیان جھڑپیں ہوئی ہیں۔
یہ دھماکہ نارہ بل، کاکا پورہ نامی گائوں میں ہوا جہاں ایک پرائیویٹ سکول کے اندر بچے سرمائی ٹیوشن لینے میں مصروف تھے ۔
عینی شاہدین نے کہا کہ دھماکے کے فوراً بعد جونہی پولیس جائے مقام پر پہنچی تو نوجوانوں نے پولیس پر شدید تھرائو کیا اور پولیس اہلکاروں نے بھی جواب میں ٹیر گیس کے گولے داغے جس کے بعد یہاں جھڑپیں بھڑک اُٹھیں۔
مقامی مسجد کے لائوڈ سپیکر سے نوجوانوں سے پولیس پرپتھرائو نہ کرنے کی صلاح دی جارہی ہے۔
دریں اثناء پولیس کی طرف سے جاری ایک بیان میں بتایا گیا ہے کہ بدھ کے روز 2بجکر 30منٹ پر ضلع پلوامہ کے نارہ بل علاقے میں قائم فلاح ملت نامی پرائیوٹ اسکول(ٹیوشن سینٹر)کے ایک کمرے میں کسی بارودی شئے کا دھماکہ ہوا۔اس واقعے میں 12طلاب کے زخمی ہونے کی اطلاع موصول ہوئی ہے۔ چنانچہ زخمیوں کو فوری طورپر علاج ومعالجہ کی خاطر نزدیکی اسپتال منتقل کیا گیا جہاں پر سبھی کی حالت مستحکم بتائی جارہی ہے۔ پولیس کے سینئر آفیسر ان جائے وقوع پر پہنچے اور تفتیش کی جارہی ہے کہ یہ واقع کن حالات میں پیش آیا۔ پولیس نے اس سلسلے میں کیس درج کرکے تحقیقات شروع کی ہے۔