محمد تسکین
بانہال //پیر کی صبح سے رام بن۔ بانہال سیکٹر میں جاری بارشوں کے نتیجے میں جموں سرینگر قومی شاہراہ مجموعی طور پر ٹریفک کی آمدورفت کیلئے بند رہی اور شاہراہ کے بند ہونے کی وجہ سے ادہم پور ، رام بن ، بانہال اور قاضی گنڈ کے درمیان بڑی تعداد میں مال اور مسافر گاڑیاں درماندہ ہو کر رہ گئی ہیں ۔پیر کی رات گیارہ بجے سے کیفٹیڑیا موڑ اور مہاڑ کے درمیان گر آئے ملبے کو چھوڑ کر شاہراہ کے ڈھلواس بٹوٹ اور بانہال کے شالگڑی کے مقام گر آئی پسیوں کو سڑک سے صاف کرکے شاہراہ کو جزوی طور قابل آمدروفت بنایا گیا ہے اور کیفٹیریا موڑ اور مہاڑ کے مسلسل بند ہونے کی وجہ سے ناشری اور بانہال کے درمیان درماندہ مقامی اور مسافر گاڑیوں کو رامبن کے میتراہ علاقے سے آنے جانے کی اجازت دی گئی ہے۔شاہراہ کے حوالے سے بات کرنے پر ایس ایس پی ٹریفک نیشنل ہائے وے رام بن روہت بسکوترا نے کشمیر عظمی کو بتایا کہ بارشوں کے باوجود پیر کی رات گیارہ بجے تک شاہراہ پر معمول کا ٹریفک چلتا رہا تاہم رات قریب گیارہ بجے رام بن کے مہاڑ اور ڈھلواس میں سڑک پر پتھروں اور ملبے پر مشتمل پسیوں کے گر آنے کے جاری سلسلے کی وجہ سے دونوں طرف کے ٹریفک کو آگے بڑھنے سے روک دینا پڑا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس دوران بانہال سے چھ کلومیٹر دور شالگڑی کے مقام بھی دوپسیاں شاہراہ پر گر آئی تھیں جس کیوجہ سے رام بن اور بانہال کے درمیان بھی مقامی ٹریفک کو منگل دوپہر بعد تک بند کر دینا پڑا ۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل ہائے وے اتھارٹی اف انڈیا کی تعمیراتی کمپنیوں کی بھاری مشینری کی مدد سے منگل کی صبح سے ہی مہاڑ کے مقام سڑک کی بحالی کا کام شروع کیا گیا ہے لیکن بارشوں کے جاری سلسلے کی وجہ سے بحالی کے کام میں دشواریاں پیش آرہی تھیں اور کیفٹیریا موڑ اور مہاڑ کے درمیان قریب ڈیرھ کلومیٹرکے حصے میں متعدد مقامات پر پتھر اور ملبہ گرنے کا سلسلہ منگل شام تک جاری تھا۔ انہوں نے کہا کہ منگل کی دوپہر بعد مہاڑ اور کیفٹیریا موڑ کے سیکٹر کو قابل آمدورفت بنایا گیا تھا اور کچھ ٹریفک کو نکالا بھی گیا تھا لیکن مسلسل بارشوں کی وجہ سے وہاں پتھروں کے گرنے کا سلسلہ دوبارہ شروع ہوا اور ٹریفک کی مکمل بحالی اثر انداز ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈھلواس اور شالگڑی کے مقام شاہراہ کو قابل آمدورفت بنایا گیا ہے اور ضلع رام بن میں درماندہ مقامی اور مسافر ٹریفک کو منگل کی دوپہر بعد سے رام بن کے جھولا پل سے ایک ایک کرکے نکالنے کا عمل جاری تھا۔ ایس ایس پی ٹریفک نیشنل ہائے وے روہت بسکوترا نے شاہراہ کا استمال کرنے والے تمام ڈرائیوروں سے اپیل کی ہے کہ وہ ناشری اور بانہال کے درمیان کئی مقامات پر ایک دوسرے سے سبقت لے جانے اور اور ٹیکنگ سے باز رہیں تاکہ شاہراہ کے اس سیکٹر میں ٹریفک جامنگ اور سڑک حادثات سے بچا جا سکے اور عام مسافروں کو بلاوجہ کے تریفک جام سے بچایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ شاہراہ پر ٹریفک قوانین کیخلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کاروائی کی جائے گی۔