جموں//وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے سول سیکرٹریٹ جموں میں متعددوفود سے ملاقات کی اور اُن کے مسائل ، مطالبات اور شکایات کو فوری ازالے کے لئے بغور سُنا۔چیئر مین ضلع ترقیاتی کونسل کشتواڑ پوجا ٹھاکر کی قیادت میں ایک وفد نے ترقی اور روزگار کے مسائل وزیر اعلیٰ کو گوش گزار کئے۔وفد نے ضلع کشتواڑ کے دُور درازاور دور افتادہ پڈر، دچھن ، اتھولی ، ناگسینی علاقوںکی نمائندگی کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کو مطالبات کی یادداشت پیش کی جس میں ضلع کشتواڑ کے اِن دُور دراز علاقوں کو درپیش اہم مسائل کو اُجاگر کیا گیا۔وفد نے اَساتذہ، ڈاکٹروں اور پیرا میڈکس کی شدید کمی کو دور کرنے کے لئے سکولوں اور صحت اِداروں کو اَپ گریڈ کرنے کے ساتھ ساتھ جاری اور آئندہ بجلی منصوبوں میں مقامی اَفراد کے لئے روزگار کے مواقع پیدا کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔اُنہوں نے بہتر سڑکوں، پینے کے پانی کی قابل اَعتماد سہولیات اور دُور دراز علاقوں میں بینکنگ خدمات کے قیام سمیت بہتر عوامی بنیادی ڈھانچے کی ضرورت پر بھی توجہ مبذول کی۔وزیراعلیٰ نے وفود کو بغور سنا اور یقین دِلایا کہ تمام جائز مطالبات کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا اور پسماندہ طبقوںکی ترقی کے لئے دُور دراز علاقوں میں مساوی ترقی کو یقینی بنانے کے حکومتی عزم پر زور دیا۔ایک علیحدہ میٹنگ میں سابق ممبران قانون ساز اسمبلی جموں و کشمیرپر مشتمل ایک وفد نے وزیر اعلیٰ سے ملاقات کی اور اَپنے مسائل پر تبادلہ خیال کیا۔اُنہوں نے پنشن کے فوائد میں اِضافے کی درخواست کرتے ہوئے کہا کہ آخری نظر ثانی ایک دہائی قبل ہوئی تھی۔اِس کے علاوہ اُنہوں نے میڈیکل الائونس میں اِضافے کی درخواست کی۔اُنہوں نے سابق ممبران اسمبلی کو قانون ساز اسمبلی اور سکریٹریٹ کے احاطے میں آسانی اور بغیر کسی رُکاوٹ کے داخلے کی ہدایت دینے اور ان کی رَسائی کو آسان بنانے کے لئے ایک آسان طریقۂ کار وضع کرنے کے لئے وزیر اعلیٰ سے مداخلت کی بھی درخواست کی ۔وزیر اعلی عمر عبداللہ نے وفد کو یقین دِلایا کہ اُن کے مسائل کو فوری طور پر اُٹھایا جائے گا۔وزیر اعلی عمر عبداللہ نے کہا کہ اُن کی حکومت عوامی خدمات میں ان کی شراکت کو تسلیم کرتی ہے اور یقین دِلایا کہ ان کے داخلے کو بغیر کسی مشکل کے آسان بنانے کے لئے ایک میکانزم تیار کیا جائے گا۔