نئی دلی //ایڈیٹرس گلڈ آف انڈیا نے سی بی آئی کی طرف سے این ڈی ٹی وی اور اسکے متعلقین پر چھاپوں پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔گلڈ کے صدر راج چنگاپا،جنرل سیکریٹری پرکاش دوبے اورخزانچی کلیان شنکرنے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ پولیس اور دیگر ایجنسیوں کی میڈیا دفاترمیں داخل ہونا ایک تشویشناک معاملہ ہے۔این ڈی ٹی وی نے اپنے بیانات میں کسی بھی طرح کا کچھ غلط ہونے سے انکار کرتے ہوئے چھاپوں کو نیوز چینل کو ہراساں کرنے کی کارروائی قرار دیا ہے۔نیوز چینل نے اس طرح کی کارروائی کو جمہوری اقدار کو پش پشت ڈال کر آزادانہ اظہار رائے پر قدغن لگانے اور میڈیا کو خاموش کرنے کے مترادف بھی بتایا ہے۔ایڈیٹرس گلڈ اس بات کو مانتی ہے کہ کوئی بھی ادارہ قانون سے بالا تر نہیں ہے تاہم گلڈ میڈیا کو دبانے کی کسی بھی کارروائی کی مذمت کرتا ہے ۔گلڈ سی بی آئی پر زور دیتا ہے کہ وہ قانون کے مطابق ہی چلے، اور اس بات کو یقینی بنائے کہ آزادانہ طور پر کام کرنے کے معاملے میں میڈیا اداروں میںکسی قسم کی مداخلت سے گریز کرے۔