عظمیٰ نیوز ڈیسک
نئی دہلی// کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی اور کیرالہ کے کئی اراکینِ پارلیمنٹ نے ہفتے کو پارلیمنٹ کے احاطے میں وائناڈ میں ہونے والی لینڈ سلائیڈنگ سے متاثرہ افرادکیلئے ریلیف پیکیج کا مطالبہ کرتے ہوئے احتجاج کیا۔ پرینکا گاندھی اور دیگر اراکینِ پارلیمنٹ نے پارلیمنٹ کے ‘مکر دوار’ کے قریب جمع ہو کر وائناڈ کے ساتھ بھیدبھا بند کرو کے نعرے لگائے۔وائناڈ سے لوک سبھا کی ممبر پرینکا گاندھی نے کہا کہ مرکزی حکومت وائناڈ کو خصوصی پیکیج دینے سے انکار کر رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اس سلسلے میں انہوں نے وزیر داخلہ امت شاہ سے درخواست کی اور وزیراعظم کو بھی خط لکھا۔ انہوں نے مزید کہا کہ اسی طرح ہماچل پردیش میں بھی بڑی تباہی ہوئی ہے اور وہاں کے لئے بھی مرکزی حکومت سے مدد مانگی جا رہی ہے۔پرینکا گاندھی نے مرکز پر الزام لگایا کہ سیاسی وجوہات کی بنا پر متاثرین کو ان کے حق سے محروم رکھا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا، ہندوستان کے تمام شہری مساوی سلوک کے مستحق ہیں اور قدرتی آفات کے معاملے میں کسی قسم کا امتیاز نہیں ہونا چاہیے۔پرینکا گاندھی نے اس معاملے پر پہلے بھی وزیر داخلہ امت شاہ سے ملاقات کی تھی۔ اس احتجاج کے پس منظر میں مرکزی وزیر مملکت برائے داخلہ نیتیانند رائے نے جمعرات کو لوک سبھا میں کہا تھا کہ وائناڈ کی لینڈ سلائیڈنگ کے حادثے پر سیاست نہیں ہونی چاہیے۔