عظمیٰ نیوز ڈیسک
پریاگ راج//پریاگ راج میں پبلک سروس کمیشن کے سامنے امیدواروں کا مظاہرہ دوسرے دن بھی جاری رہا۔ طلبا دوسری رات بھی پبلک سروس کمیشن کے سامنے کھڑے رہے۔ مختلف اضلاع کے امیدوار شمعیں روشن کر کے احتجاج کر رہے ہیں۔ طلبا ‘ایک دن ایک امتحان کا مطالبہ کرتے ہوئے احتجاج کر رہے ہیں۔اتر پردیش پبلک سروس کمیشن نے پی سی ایس پریلمس 2024اور آر او/اے آر او پریلمس 2023 کے امتحانات دو دنوں میں دو شفٹوں میں منعقد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ امیدوار پہلے ہی اس فیصلے کی مخالفت کر رہے ہیں اور 11 نومبر کو دہلی سے یوپی تک کے امیدوار اس فیصلے کے خلاف سڑکوں پر نکل آئے۔ امیدواروں نے یوپی پبلک سروس کمیشن کے گیٹ نمبر 2 پر غیر معینہ مدت کی ہڑتال کا اعلان کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ یہ احتجاج اس وقت تک جاری رہے گا جب تک کمیشن یہ فیصلہ واپس نہیں لے لیتا۔ کمیشن کے اس فیصلے کے خلاف دارالحکومت دہلی اور پریاگ راج میں طلبا احتجاج کر رہے ہیں۔ امیدواروں کا کہنا ہے کہ نارملائزیشن کا راج لانے سے کچھ امیدواروں کو فائدہ ہوگا اور کچھ کو نقصان ہوگا۔ طلبا کا موقف ہے کہ دو شفٹوں میں پیپر ہونے کی وجہ سے ایک شفٹ میں آسان اور ایک شفٹ میں مشکل سوالات ہوں سکتے ہیں ، جس کی وجہ سے جس کو کمیشن نارملائزیشن کہہ رہی ہے اس سے اچھے طلبا کو نقصان اٹھانا پڑے گا اور ساتھ ہی ساتھ کرپشن بھی بڑھے گا۔اس کے خلاف طلبہ مسلسل احتجاج کر رہے ہیں۔ ان کا مطالبہ ہے کہ پرچہ ایک شفٹ اور ایک دن میں کرایا جائے۔ ساتھ ہی کمیشن کا کہنا ہے کہ ان کے پاس اتنے مرکز دستیاب نہیں ہیں کہ 6لاکھ امیدواروں کے پرچے ایک ساتھ کرائے جا سکیں۔