سرینگر//وزیر برائے صنعت و حرفت چندر پرکاش گنگا نے کل کشمیر ہاٹ کا دورہ کر کے وہاں جاری کام کاج کا جائیزہ لیا ۔ وزیر نے ہاٹ کے مختلف شعبوں کا معائینہ کیا جن میں کرافٹ میوزیم ، سکول آف ڈیزائینز ، میسو کارپٹ سکیم ، شو روم اور ہاٹ کے باغیچوں کے ارد گرد قایم کئے گئے سٹال شامل ہیں ۔ ہاٹ کے ڈیزائین سیکشن کا معائینہ کرتے ہوئے گنگا کو بتایا گیا کہ محکمہ دستکاری مصنوعات میں جدید اور اختراعی ڈیزائین اختیار کر رہا ہے ۔ جن میں کانی شال ، تانبے کی مصنوعات ، لکڑی کی مصنوعات ، پیپر ماشی ، قالین ، نمدوں کی ڈیزائیننگ ، چھت سوزنی ، بال ہینگنگز ، ٹیبل کلاتھ ، کوشن کوور ، بید کی لکڑی سے بنی مصنوعات ، ٹیبل لیمپ ، کیپسٹری وغیرہ شامل ہے ۔ وزیر نے کہا کہ ڈیزائینوں میں جدیدیت لانا وقت کا اہم تقاضہ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ دستکاری جموں کشمیر کا روائتی اثاثہ ہے اور کشمیر ہاٹ کو مزید فعال اور دلچسپی کا مرکز بنانے کیلئے مزید بہت کچھ کرنا باقی ہے ۔ ایم ایس ای شو روم کا معائینہ کرتے ہوئے گنگا کو بتایا گیا کہ محکمہ سکیم کے تحت 40 مراکز چلا رہا ہے اور ہر مرکز میں 20 ٹرینر رکھے گئے ہیں ۔ انہیں بتایا گیا کہ تربیت کی تکمیل کے بعد مستحقین کو قرضہ جات فراہم کئے جاتے ہیں ۔ گنگا نے محکمہ کی لائیبریری کا بھی معائینہ کیا ۔ انہیں بتایا گیا کہ محکمہ اس وقت لائیبریری کی ڈیجٹلائیزیشن کے عمل میں مصروف ہے ۔ اس موقعہ پر وزیر نے محکمہ کو ہاٹ کی دیکھ ریکھ اور جدید کاری کیلئے منصوبہ مرتب کرنے کیلئے کہا ۔ انہوں نے ہاٹ میں نمائشوں کا معمول کے مطابق انعقاد یقینی بنانے پر زور دیتے ہوئے وہاں قایم سٹالوں کو سال بھر کھلا رکھنے کیلئے کہا ۔ انہوں نے ہاٹ میں دو فوڈ کوٹ قایم کرنے پر بھی زور دیا ۔