اسلام آباد //مسلم کانفرنس کے نائب صدر منظور الحق بٹ نے پارٹی سربراہ پروفیسر عبدالغنی بٹ کی مذاکرتکار دنیشور شرما کے ساتھ میٹنگ پر سخت ردعمل کا اظہار کیا ہے۔اسلام آباد سے اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا ہے کہ پروفیسر عبدالغنی بٹ کی دنیشور شرما سے ملاقات کی وجہ سے نہ صرف مسلم کانفرنس کے مخلص کارکنوں کے جذبات کو ٹھیس پہنچی ہے بلکہ انہوں نے کشمیری لوگوں کے مجموعی مفاد کے خلاف عمل کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ تمام حریت لیڈرشپ نے دنیشور شرما سے دوری بنائے رکھنے کیلئے مشترکہ فیصلہ لیاکیونکہ’’انہیں بات چیت کے حوالے سے جو منڈیٹ دیا گیا ہے،اس کے تناظر میں ان سے ملنا ایک فضول مشق ہے،اور یہ مشق وقت کو رایگاں کرنے اور مضحکہ خیز عمل کے علاوہ کچھ نہیں‘‘۔ منظور الحق نے کہا کہ مسلم کانفرنس کا ایک عہددار ہونے کی حیثیت سے،وہ پروفیسر عبدالغنی بٹ کے عمل سے خود کو دور رکھ رہے ہیں،جنہیں پارٹی کے ساتھ مشاورت کرنی چاہئے تھی۔