حسین محتشم
پونچھ//دور جدید میں جہاں انسان مشینوں سے بڑے بڑے کارنامے انجام دے رہا ہے۔ وہیں سید پروفیسر ایم ایچ شاہ جو اس وقت گورنمنٹ ڈگری کالج منڈی کے پرنسپل ہیں ،نے قرآن شریف کی اپنے ہاتھوں سے کتابت کی ہے۔انہوں نے کہا کہ ان کے دادا مرحوم کی طرف سے ان کو اشارہ ہوا تو انہوں نے اللہ تعالی کی مدد سے اس پاک کلام کو ہاتھوں سے تحریر کیا۔ان کا کہنا تھا کہ کلام پاک کا ایک صفحہ لکھنے میں کئی کئی گھنٹے لگتے کیونکہ قرآن پاک کا نسخہ لکھنا آسان نہیں تھا تاہم والدین کی دعائوں سے وہ اس کام کو مکمل کرنے میں کامیاب ہوگئے۔ وہ مانتے ہیں کہ قرآن کا نسخہ لکھنے ان کو اطمینان قلب حاصل ہوا ہے۔انہوں نے بتایا کہ اپنی تعلیم کی شروعات میں ہی انہوں نے اپنے علاقے کے ایک قابل استاد سے قران پاک کی تعلیم حاصل کی اور خطاطی سیکھنے کی کوشش کی۔انہوں نے کہا کہ ’انسان سے غلطی ہوسکتی ہے۔ اس لئے جب وہ قرآن کا نسخہ لکھ رہے تھے تو ہر صفحہ مکمل ہونے کے بعد کئی کئی مرتبہ دوبارہ ہر لفظ پر غور کرتے رہے تاکہ کوئی زیر زبر کا فرق نہ رہے۔قابل ذکر ہے کہ یہ پہلا موقع نہیں ہے جب پونچھ سے کسی نے قرآن شریف کا نسخہ اپنے ہاتھوں سے لکھا ہو۔ اس سے قبل قرآن کریم کے نسخے کو اپنے ہاتھوں سے ترتیب دیا گیا فرق اتنا ہے کہ پروفیسر ایم ایچ شاہ نے اپنی ملازمت کے دوران جب وہ ایک ایڈمنسٹریٹر کی حیثیت سے کام کر رہے ہیں ان پر اور بھی کئی ساری ذمہ داریاں ہے انہوں نے یہ بہت بڑا کارنامہ انجام دیا اللہ تعالی سے دعا ہے کہ وہ ان کی یہ سعی اپنی بارگاہ میں قبول فرمائے۔